اسرائیلی فوج اور حماس جنگجوؤں میں لڑائی، قحط زدہ غزہ میں خوراک مراکز بند

یو این منگل 23 ستمبر 2025 05:30

اسرائیلی فوج اور حماس جنگجوؤں میں لڑائی، قحط زدہ غزہ میں خوراک مراکز ..

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ ۔ UN اردو۔ 23 ستمبر 2025ء) امدادی امور کے لیے اقوام متحدہ کے رابطہ دفتر (اوچا) نے بتایا ہے کہ اسرائیلی فوج اور حماس کے مابین لڑائی کے باعث غزہ شہر میں غذائیت کی فراہمی کے تمام مراکز بند ہو گئے ہیں جبکہ علاقے میں ایک ماہ قبل قحط پھیلنے کی تصدیق ہوئی تھی۔

اوچا اور اقوام متحدہ کے امدادی شراکت دار غزہ کے لوگوں کو ہرممکن مدد پہنچانے کی کوششیں کر رہے ہیں جبکہ اسرائیل کی جانب سے انسانی امداد کی ترسیل پر کڑی پابندیاں عائد ہیں۔

Tweet URL

اقوام متحدہ کے ترجمان سٹیفن ڈوجیرک نے نیویارک میں معمول کی پریس بریفنگ کے موقع پر صحافیوں کو بتایا ہے کہ غذائیت کے مراکز بند ہونے سے قحط کے نئے متاثرین کی نشاندہی کی کوششوں میں رکاوٹ آئی ہے اور سیکڑوں بچے ضروری علاج معالے سے محروم ہو گئے ہیں۔

(جاری ہے)

غزہ کی وزارت صحت نے تصدیق کی ہے کہ قحط کا اعلان ہونے کے بعد اب تک بھوک اور غذائی قلت کے باعث 162 افراد ہلاک ہو چکے ہیں جن میں 32 بچے بھی شامل ہیں۔

خون کے عطیات کی اپیل

غزہ بھر میں اسرائیلی عسکری کارروائیوں کے دوران فلسطینی شہری دفاع کے اہلکاروں نے گزشتہ 10 یوم میں 50 سے زیادہ امدادی کارروائیاں کی ہیں اور لاشوں کو اٹھانے میں مدد دی ہے۔

علاقے میں طبی سہولیات بھی شدید دباؤ کا شکار ہیں۔ آج غزہ کی وزارت صحت نے ہسپتالوں میں خون کی شدید قلت کے باعث عوام سے خون عطیہ کرنے کی اپیل کی ہے۔ ترجمان نے کہا ہے کہ شہریوں اور شہری تنصیبات کو عسکری کارروائیوں سے تحفظ دینا لازم ہے۔

بڑھتی نقل مکانی

ترجمان نے کہا ہے کہ اسرائیل کی جانب سے غزہ شہر پر مکمل قبضے کے لیے جاری حملوں کے باعث شمالی علاقے سے جبری نقل مکانی کرنے والے شہریوں کی تعداد مسلسل بڑھ رہی ہے جس کے نتیجے میں خان یونس اور دیر البلح میں پہلے سے بوجھ تلے دبے امدادی نظام پر دباؤ مزید بڑھ رہا ہے۔

شمالی علاقے سے نقل مکانی کر کے آنے والے ہزاروں افراد ساحل کے کنارے خیموں میں رہنے پر مجبور ہیں یا وہ اقوام متحدہ کے سکولوں میں قائم گنجان پناہ گاہوں میں مقیم ہیں۔ لوگوں کی بڑی تعداد تباہ شدہ عمارتوں کے ملبے پر کھلے آسمان تلے سونے پر مجبور ہیں۔

یو این امدادی اقدامات

اقوام متحدہ اور اس کے شراکتی ادارے مشکل حالات کے باوجود امدادی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہیں۔ سوموار کو اسرائیلی حکام کے ساتھ طے شدہ 12 امدادی کارروائیوں میں سے 7 کو ہی عملی شکل دی جا سکی۔

اقوام متحدہ کی ٹیموں کو گزشتہ دنوں کیریم شالوم کے سرحدی راستے سے طبی امدادی سامان لانے میں کامیابی ملی ہے تاہم امدادی خوراک حاصل کرنے کے لیے بھیجے گئے دو مشن روک دیے گئے۔