ایشین سکس ریڈ سنوکر چیمپئن شپ، پاکستانی کیوئسٹس بابر مسیح نے چاندی اور اسجد اقبال نے کانسی کے تمغے جیت لئے

منگل 25 جون 2019 20:17

ایشین سکس ریڈ سنوکر چیمپئن شپ، پاکستانی کیوئسٹس بابر مسیح نے چاندی ..
دوحہ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 جون2019ء) پاکستانی کیوئسٹس بابر مسیح اور اسجد اقبال نے ایشین سکس ریڈ سنوکر چیمپئن شپ میں بالترتیب چاندی اور کانسی کے تمغے جیت لئے۔

(جاری ہے)

منگل کو دوحہ، قطر میں منعقدہ چیمپئن شپ میں کھیلے گئے فائنل میں ایرانی کیوئسٹ عامر سرخوش نے پاکستان کے بابر مسیح کو بیسٹ آف 13 فریمز میں 4 کے مقابلے میں 7 فریمز سے شکست دے کر طلائی تمغہ اپنے نام کیا، شکست کے بعد بابر مسیح چاندی کے تمغے کے حقدار ٹھہرے، دریں اثناء بابر مسیح نے سیمی فائنل میں روایتی حریف بھارتی کیوئسٹ کمال چاولہ کو 6-4 فریمز سے شکست فاش سے دوچار کیا تھا۔

پاکستان کے اسجد اقبال کو سیمی فائنل میں ایرانی کیوئسٹ عامر سرخوش کے ہاتھوں 6-2 فریمز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا اسطرح انہوں نے کانسی کا تمغہ حاصل کیا۔ واضح رہے کہ ایونٹ میں شریک دیگر پاکستانی کیوئسٹ محمد بلال کو کوارٹر فائنل اور ذوالفقار عبدالقادر کو لاسٹ 24 رائونڈ میچز میں شکستوں کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

متعلقہ عنوان :