ْبھارتی فوجی طاقت کے بل پر کشمیریوںکو دیوار کیساتھ لگانے کی کوشش کر رہاہے‘ سید علی گیلانی

بھارتی قیادت کشمیریوں کے سیاسی، جمہوری اور انسانی حقوق کو پامال کرنے کے لیے بدترین قسم کی سرکاری دہشت گردی کر رہا ہے لوگوں کو گرفتار کرنے کے بعد ان کے خلاف بے بنیاد اور من گھڑت الزامات عائد کیے جاتے ہیں‘چیئرمین کل جماعتی حریت کانفرنس

بدھ 3 جولائی 2019 13:22

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 جولائی2019ء) مقبوضہ کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی نے حریت کے ترجمان اعلیٰ غلام احمد گلزار کی مسلسل غیر قانونی نظر بندی پراپنی گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت فوجی طاقت کے بل پر کشمیر یوں کو دیوار کے لگانے کی ضد پر اڈا ہوا ہے۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق سید علی گیلانی نے سرینگر سے جاری ایک بیان میں کہا کہ بھارتی قیادت کشمیریوں کے سیاسی، جمہوری اور انسانی حقوق کو پامال کرنے کے لیے بدترین قسم کی سرکاری دہشت گردی کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ جموں وکشمیر میں اس وقت قانون نام کا کوئی بھی چیز موجود نہیں ہے اور قابض بھارتی فورسز کسی بھی شخص کے حق زندگی کو اپنی من مرضی کے مطابق چھین کر اسے سلاخوں کے پیچھے ڈالنے میں بالکل آزاد ہیں۔

(جاری ہے)

سید علی گیلانی نے کہا کہ لوگوں کو گرفتار کرنے کے بعد ان کے خلاف بے بنیاد اور من گھڑت الزامات عائد کیے جاتے ہیں۔ انہوںنے حریت ترجمان کی گرفتاری کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ انہیں 15جون کو اپنی رہائش گاہ سے گرفتار کیا گیا تھااور عدالتوں کی طرف سے رہائی کے احکامات کے باوجود انہیں مسلسل غیر قانونی حراست میں رکھا جارہا ہے۔

سید علی گیلانی نے محمد یٰسین ملک، شبیر احمد شاہ، مسرت عالم بٹ، ڈاکٹر غلام محمد بٹ، الطاف احمد شاہ، ایاز اکبر، پیر سیف اللہ، راجہ معراج الدین کلوال، سیدہ آسیہ اندرابی، فہمیدہ صوفی، ناہیدہ نسرین، نعیم احمد خان، شاہد الاسلام، فاروق احمد ڈار، ظہور احمد وٹالی، سید شاہد یوسف، سید شکیل احمد، ڈاکٹر محمد قاصم فکتو، ڈاکٹر محمد شفیع شریعتی، محمد یوسف فلاحی، عبدالاحد پرہ، عبدالغنی بٹ، ڈاکٹر حمید فیاض، شیخ محمد رمضان، مشتاق احمد ویری، عبداللہ ناصر، غلام قادر بٹ، نذیر احمد شیخ، محمد ایوب ڈار ، طارق احمد، مظفر احمد ڈار، محمد حسین، پیر محمد اشرف، مشتاق احمد حرہ، یٰسین احمد ہرہ، سمیع اللہ، اسد اللہ پرے، حکیم شوکت، معراج الدین نندہ، بشارت بزاز، طارق احمد پنڈت، محمد حسین، ہلال احمد بیگ، نور محمد کلوال، بشیر احمد بٹ، ایڈوکیٹ زاہد علی، اشتیاق احمد وانی، ڈاکٹر محمد سلیم، مولانا سرجان برکاتی، عبدالحی، آصف سلطان اور عبدالرشید شگن اور غیر قانونی طور پر نظر بند دیگر آزادی پسند رہنمائوں ، کارکنوں اور عام کشمیریوںکے صبرو استقلال اور عزم ہمت کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان لوگوں کی فرضی مقدمات میں مسلسل نظر بند رکھا جارہا ہے اور کالے قانون ’پی ایس اے‘ کے ذریعے انکی نظر بندی کی طول دیا جا رہا ہے۔

سید علی گیلانی نے بھارت کی ظالمانہ پالیسی کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ جبرواستبداد کی پالیسیوں سے بھارت کو کچھ حاصل نہیں ہوگا۔سید علی گیلانی نے کشمیریوں کے جذبہ آزادی کو بھی سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری گزشتہ 71برس سے بھارتی جبر و قہر کا مردانہ وار مقابلہ کر رہے ہیںاور صبر و استقامت کے ساتھ حق خود ارادیت کی تحریک کو آگے بڑھا رہے ہیں۔