چھمب سیکٹر میں شہید ہونے والے پاک فوج کے جوان صوبیدار محمد صادق کی نماز جنازہ ادا کردی گئی

جمعرات 4 جولائی 2019 18:17

نیلم ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 جولائی2019ء) چھمب سیکٹر میں شہید ہونے والے پاک فوج کے جوان شہید صوبیدار محمد صادق کی نماز جنازہ ان کے آبائی گائوں جورا بانڈی میں ادا کر دی گئی ۔شہید کو پورے فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کر دیا گیا ۔نماز جنازہ میں سپیکر اسمبلی شاہ غلام قادر ،ڈپٹی کمشنر نیلم راجہ محمود شاہد، ضلعی انتظامیہ سمیت پاک آرمی کے جوانوں اور سیاسی شخصیات کے علاوہ وادی نیلم بھر سے عوام نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر پاک فوج کے چاک و چوبند دستے نے پورے فوجی اعزاز کے ساتھ شہید کو سپرد خاک کیا۔ شہید صوبیدار محمد صادق نے سوگواران میں تین بیٹے اور دو بیٹیاں چھوڑی ہیں ۔ اس موقع پر سپیکر اسمبلی شاہ غلام قادر نے کہا کہ پاک فوج کے جوانوں نے وطن عزیز کے دفاع کے لئے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کئے ہم پاک فوج کے ان جوانوں کو سلام پیش کرتے ہیں اور ان شہداء کے لواحقین کے ساتھ دکھ میں برابر کے شریک ہیں ۔انہوں نے کہا کہ پاک فوج کے جوانوں نے ہمیشہ وطن عزیز کی خاطر قربانیاں دی ہیں ۔انکی قربانیاں رائیگاں نہیں جائینگی۔اس موقع پر سپیکر اسمبلی شاہ غلام قادر نے شہید صوبیدار کے گھر جا کر ان کے لواحقین سے اظہار تعزیت بھی کی۔

متعلقہ عنوان :