Live Updates

تحریک انصاف کے سادگی کے دعوؤں کا ایک بار پھر پول کھُل گیا

وزیر اعظم عمران خان تیس گاڑیوں کے پروٹوکول کے ساتھ کراچی شہر پہنچے

Muhammad Irfan محمد عرفان بدھ 10 جولائی 2019 16:52

تحریک انصاف کے سادگی کے دعوؤں کا ایک بار پھر پول کھُل گیا
کراچی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 10جولائی 2019ء) آج وزیر اعظم عمران خان جب کراچی کے ایک روزہ دورہ پر آئے تو لوگ یہ دیکھ کر حیران رہ گئے کہ سادگی کا ڈھنڈورا پیٹنے والے وزیر اعظم کے پروٹوکول میں 30 سے زائد گاڑیاں شامل تھیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیر اعظم جب آج ایک روزہ دورہ پر کراچی پہنچے تو تیس گاڑیوں کا پروٹوکول اُن کے ساتھ تھا۔ اس موقع پر شہر کی اہم شاہراہیں بھی بند کر دی گئیں۔

جس کے باعث عوام کو آمد و رفت کے سلسلے میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا اور وہ کافی اذیت اور پریشانی سے دوچار ہوئے۔ اس ایک روزہ دورے میں مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ بھی اُن کے ہمراہ ہیں۔ اس کے علاوہ ڈاکٹر عشرت اور عبدالرزاق داؤد بھی اُن کے قافلے میں شامل ہیں۔ اس حوالے سے ایک نجی چینل کی جانب سے جاری ہونے والی ویڈیو میں اُن کے قافلے میں موجود تیس گاڑیاں دیکھی جا سکتی ہیں۔

(جاری ہے)

آج وزیر اعظم جب کراچی آئے تو پھر گاڑیوں کے قافلے کے ساتھ جیسے ہی وہ گورنر ہاؤس کے لیے روانہ ہوئے تو اُن کا شاہانہ قافلہ دیکھنے والوں کے لیے حیرت کا باعث بن گیا۔ وزیر اعظم نے گورنر سنگھ عمران اسماعیل سے گورنر ہاؤس میں ملاقات کی۔ یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد تحریک انصاف کے ناقدین ایک بار پھر برس پڑے۔ لوگوں کا کہنا تھا کہ ان کے سادگی اور تبدیلی کے دعوے حقیقت سے کوسوں دُور ہیں۔

یہ لوگ خود جس سٹیٹس کو کو تنقید کا نشانہ بناتے ہیں، خود بھی اس کے ہاتھوں یرغمال بن بیٹھے ہیں۔ اتنی بری تعداد میں سرکاری گاڑیوں کی آمد و رفت پر لاکھوں روپے خرچ ہوتے ہیں جو کہ عوام کے خون پسینے کی کمائی نچوڑ کر ٹیکس کی صورت میں وصول کیے جاتے ہیں۔ سادگی کا رونا رونے والے وزیر اعظم کی جانب سے ایک بار پھر اس طرح کا شاہانہ انداز سمجھ سے بالاتر ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات