ایاز اکبر کے اہلخانہ کی طر ف سے انکی فوری رہائی کا مطالبہ

تہاڑ جیل میں نظربند مختلف عارضوں میں مبتلا ایاز اکبر کی درخواست کی سماعت 25جولائی مقرر

جمعہ 19 جولائی 2019 12:48

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 جولائی2019ء) مقبوضہ کشمیرمیںکل جماعتی حریت کانفرنس کے غیر قانونی طورپر نظربند رہنماء ایاز محمد اکبر کے اہلخانہ نے ان کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا ہے تاکہ وہ کینسر سمیت مختلف عارضوں میں مبتلا اپنی اہلیہ کی دیکھ بھال کر سکیں۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق نئی دلی کی بدنام زمانہ تہاڑ جیل میں نظربند ایاز اکبر کے اہلخانہ نے دو برس قبل انکی ضمانت پر رہائی کیلئے درخواست دائر کی تھی اور 25جولائی کو سماعت کیلئے مقرر کی گئی ہے ۔

(جاری ہے)

ایاز اکبر کے اہلخانہ کا کہنا ہے کہ انہیں اپنی اہلیہ کی بگڑتی ہوئی صحت کے پیش نظر رہا کیاجانا چاہیے ۔ ڈاکٹروں کے مطابق ایاز اکبر کی اہلیہ کینسر جیسے مہلک مرض میں مبتلا ہیں ۔ ایاز اکبر کے بیٹے سرور احمد نے کہا ہے کہ انہوںنے اپنے والد کی عبوری ضمانت پر رہائی کیلئے درخواست دائر کی تھی جو کہ 25جولائی کو سماعت کیلئے مقرر کی گئی ہے ۔ واضح رہے کہ بھارتی تحقیقاتی ادارے این آئی اے نے 24جولائی 2017کو انکے خلاف درج ایک جھوٹے مقدمے میںایازاکبر کو دیگر حریت رہنمائوں کے ہمراہ گرفتار کر کے نئی دلی منتقل کردیاتھا ۔ بعدازاں انہیں تہاڑ جیل منتقل کردیا گیا۔