جہانگیر ترین سے ملاقات ،ایم کیو ایم پاکستان نے اپنے تحفظات سامنے رکھ دیئے

مئیر کراچی و حیدرآباد کے لیے مختص فنڈز، کراچی پیکیج بلدیاتی اختیارات، آفسز کی واپسی اور لاپتہ و اسیر کارکنان کی بازیابی ابھی تک ممکن نہیں ہوسکی،متحدہ کا شکوہ

منگل 23 جولائی 2019 18:56

جہانگیر ترین سے ملاقات ،ایم کیو ایم پاکستان نے اپنے تحفظات سامنے رکھ ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 جولائی2019ء) متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم)پاکستان اور تحریک انصاف کے وفود کے درمیان ملاقات میں اپنے مطالبات کے تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے جہانگیر ترین کے سامنے اپنے تحریری معاہدے کو پھر رکھ دیا۔متحدہ نے شکوہ کیا ہے کہ مئیر کراچی و حیدرآباد کے لیے مختص فنڈز، کراچی پیکیج، بلدیاتی اختیارات، آفسز کی واپسی اور لاپتہ و اسیر کارکنان کی بازیابی ابھی تک ممکن نہیں ہوسکی ہے۔

ایم کیو ایم وفدنے کہاکہ حیدرآباد یونیورسٹی کا کام بھی سست روی کا شکار ہے۔ملاقات کے دوران وفاقی وزیر برائے آئی ٹی خالد مقبول صدیقی نے کہاکہ پیپلز پارٹی نے شہری سندھ کو تباہ کردیا ہے جبکہ ملازمتوں میں متعصبانہ پالیسی اور اختیارات کی عدم فراہمی نے کراچی کے انفراسٹکچر کو تباہ کردیا ہے۔

(جاری ہے)

ایم کیو ایم رہنما نے کہاکہ پانی مافیا کی سرپرستی سے شہر بوند بوند کو ترس رہا ہے۔

اس موقع پر جہانگیر ترین نے کہا کہ شہر قائد کے مسائل سے واقف ہیں، کراچی کی ترقی اور ترقیاتی منصوبوں کی جلد تکمیل وزیراعظم کی اولین ترجیح ہے۔انہوں نے کہا کہ بلدیاتی نمائندوں کو اختیارات کی فراہمی، فنڈز کی شفافیت کے ساتھ منتقلی اور عوام کی فلاح میں ان کا استعمال پی ٹی آئی کا ایجنڈا ہے۔انہوں نے کہاکہ تحریری معاہدے پر کتنا عمل ہوا ہے اور اس میں کیا پیش رفت ہے اسی لیے آج ایم کیو ایم کے دوستوں سے ملنے آیا ہوں۔جہانگیر ترین نے یقین دہانی کروائی کہ تحریک انصاف اپنے وعدے اور تحریری معاہدے پر من و عن عمل کرے گی جبکہ ایم کیو ایم کے تمام تحفظات دور اور مطالبات پورے کریں گے۔