Live Updates

امریکی صدر ٹرمپ کی جانب سے مسئلہ کشمیر پر ثالثی کی پیشکش بڑی کامیابی ہے،علی امین خان گنڈا پور

سفارتی محاز پر یہ کامیابی عمران خان کی مخلصانہ قیادت اور کامیاب سفارت کاری کے باعث ممکن ہوئی ہے ،ٹرمپ کی پیشکش پر بھارتی وزارت خارجہ و بھارتی میڈیا کے منفی کرداراور پروپیگنڈے پر افسوس ہے ،وفاقی وزیر اُمورکشمیر

منگل 23 جولائی 2019 19:54

امریکی صدر ٹرمپ کی جانب سے مسئلہ کشمیر پر ثالثی کی پیشکش بڑی کامیابی ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 جولائی2019ء) وفاقی وزیر اُمورکشمیر و گلگت بلتستان علی امین خان گنڈا پورنے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے مسئلہ کشمیر پر ثالثی کی پیشکش کو ایک بڑی کامیابی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ سفارتی محاز پر یہ کامیابی عمران خان کی مخلصانہ قیادت اور کامیاب سفارت کاری کے باعث ممکن ہوئی ہے ،انہوںنے کہا کہ جب سے پاکستان تحریک انصاف کی حکومت برسراقتدار آئی ہے تب سے ہی پاکستان کو سفارتی محاز پر یکے بعد دیگرے کامیابیاں نصیب ہورہی ہیں ۔

وفاقی وزیر نے کہاکہ جس طرح موجودہ حکومت نے مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اُجاگر کیا ہے ایسی مثال ماضی میں کم ملتی ہے اور ہرآنے والے دن کے ساتھ اس مسئلہ پر عالمی سطح پر پاکستان کی حمایت میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے،انہوںنے کہاکہ آج ایل او سی کے دونوں اطراف رہنے والے کشمیری بھی اس امر کی تائید کررہے ہیں کہ موجودہ حکومت نے اُن کے حق خود ارادیت اور حقوق کے لیے آواز بڑے موثر انداز میں دُنیا کے تمام فورمز پر اٹھائی ہے،انہوںنے کہا کہ حکومت کی ایک سال کی مسلسل کوششوںکا ہی نتیجہ ہے کہ امریکی صدر بھی اس درینہ مسئلے پر ثالث کا کردار ادا کرنے کے خواہش مند نظر آ رہے ہیں۔

(جاری ہے)

علی امین گنڈا پور نے کہا کہ یہ مقبوضہ کشمیر کے غیور کشمیریوں کی جرات ، لازوال قربانیوں اور پاکستان کی سفارت کاری کا ہی نتیجہ ہے کہ بھارت کے وزیراعظم نرنیدر مودی نے خود امریکی صدر کو مسئلہ کشمیر کے حل میں کردار ادا کرنے کے لیے درخواست کی، انہوںنے امریکی صدر کی اس پیشکش کے بعد بھارتی وزارت خارجہ اور بھارتی میڈیا کی جانب سے منفی کرداراور پروپیگنڈے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس عمل سے پوری دُنیا پر واضح ہو گیا ہے کہ بھارت مسئلہ کشمیر کے حل اور خطے میں امن کے ہر موقع پر کس قدر ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کرتا ہے انہوںنے کہاکہ اقوام متحدہ کی قراردادیں ہوں یا پھر دوطرفہ مذاکرات ہوں ہر دفعہ بھارت کی یہی کوشش رہی ہے کہ مسئلہ کشمیر پر پیش رفت اور حل سے متعلق راہ ِ فرار حاصل کی جائے۔

وفاقی وزیر نے اس اُمید کا اظہار کیا کہ مسئلہ کشمیر پر امریکی صدر کی جانب سے ثالثی کی پیشکش پر اس مرتبہ بھارت مثبت جواب دے گا اور اس ضمن میں جلد ہی کسی واضح روڈ میپ کا تعین کیا جائے گا تاکہ مقبوضہ کشمیر میں ظلم و بربریت کی سیاہ رات کا خاتمہ کیا جاسکے اور جنوبی ایشیاء میں پائیدار امن اور خوشحالی کی بنیاد رکھی جاسکے۔ علی امین خان گنڈا پور نے اس اُمید کا بھی اظہار کیا کہ وزیر اعظم عمران خان کا دورہ امریکہ تاریخ کا کامیاب ترین دورہ ثابت ہو گاجس سے نہ صرف خطے میں مسئلہ کشمیر کے حل اور افغانستان میں امن کا راہ ہموار ہوگی بلکہ دونوں ممالک باہمی احترام واعتماد کی بنیاد پر نئے تعلقات کی مضبوط بنیاد رکھیں گے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات