سلامتی کونسل بھارت کو عالمی دہشت گرد سٹیٹ قرار دے کراقتصادی پابندیاں عائد کرے،رانا امجد علی امجد

جمعہ 16 اگست 2019 16:04

مظفرگڑھ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اگست2019ء) قومی اسمبلی حلقہ این اے 184 مظفرگڑھ کے سینئر سیاسی راہنما رانا امجد علی امجد ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ سلامتی کونسل بھارت کو عالمی دہشت گرد سٹیٹ قرار دے اور اس پر اقتصادی پابندیاں عائد کرے۔انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی امن فوج کے حوالے کیا جائے، تاکہ وہاں جاری قتل و غارت گری اور بے گناہ جانوں کو تلف کرنے کا سلسلہ بند ہو سکے۔

ریجنل ٹائمز خان گڑھ کے زیر اہتمام وکیل ہائر سکینڈری سکول خان گڑھ میں منعقدہ یوم سیاہ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عالمی طاقتوں اور اسلامی ممالک کو اس خطے کی حالیہ کشیدگی کی سنگینی کا احساس ہونا چاہیئے وگرنہ عالمی ایٹمی جنگ کو شاید پھر کوئی نہیں روک سکے گا۔

(جاری ہے)

پرنسپل رانا واجد علی ایڈووکیٹ نے کہا کہ سلامتی کونسل بھارت کو ہٹ دھرمی سے روکنے میں اپنا کردار ادا کرے، کشمیر پاکستان کا حصہ ہے اور کشمیر پاکستان ہی بن کر رہے گا، کسی کافر کو جنت نظیر وادی نہیں مل سکتی۔

سابق چیئرمین یونین کونسل ڈاکٹر افتخار احمد نے کہا کہ دنیا بھر میں بھارت اور مودی پر لعن طعن ہو رہی ہے، دنیا کا سب سے بڑا دہشت گرد مودی ہے، پاکستان عالمی سطح پر یہ باور کرانے میں کامیاب ہوا ہے۔اس موقع پر ضلعی وائس چیئرمین علماء امن کمیٹی مظفرگڑھ قاضی سرفراز حسین، ممتاز صحافی اور پرچار کے سربراہ احمد نواز خان،سماجی راہنما رانا محمد تنویر،سید جعفر حسین،ملک مختیار احمد ارائیں،محمد وقاص فرزند، کسان راہنما محمد شاہد شادی خان اور دیگر نے بھی خطاب کیا، جبکہ بھارتی جھنڈا بھی نذر آتش کیا گیا۔