Live Updates

مال روڈ کی کامیاب ریلی پر گورنرچوہدری ، وزیر اعلیٰ عثمان بزداراور اعجاز چوہدری مبارکبادکے مستحق ہیں‘نعمان لنگڑیال

زندہ دلان لاہو رنے ہزاروں کی تعداد میں باہرنکل کر وزیر اعظم عمران خان کی کشمیر کاز کیلئے جاری جدوجہد پر اعتماد کا اظہار کر دیا پاکستان کی جدوجہد سے بھارت میں صف ماتم بچھ گئی ،مسئلہ کشمیر وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں ہی حل ہوگا‘وزیر زراعت

جمعہ 16 اگست 2019 21:55

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اگست2019ء) صوبائی وزیر زراعت ملک نعمان لنگڑیال نے کہا ہے کہ پوری قوم نے بھارت کے یوم آزادی کے دن کویوم سیاہ کے طو رپر منا کر کشمیریوں کی آزادی کی تحریک کو تقویت پہنچائی ہے ، مال روڈ پر تاریخی ریلی پر گورنر پنجاب چو ہدری محمد سرور، وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار اور تحریک انصاف پنجاب کے صدر اعجاز چوہدری مبارکباد کے مستحق ہیں ۔

ایک انٹر ویو میں گفتگو کرتے ہوئے وزیر زراعت نعمان لنگڑیال نے کہا کہ زندہ دلان لاہو رنے ہزاروں کی تعداد میں مال روڈ پر جمع ہو کر وزیر اعظم عمران خان کی کشمیر کاز کیلئے جاری جدوجہد پر اعتماد کا اظہار کر دیا ہے ۔ پوری قوم اپنے کشمیری بھائیوں کی سیاسی ، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کی لازوال کوششوںکے نتیجے میں کشمیر کا مسئلہ جو پانچ دہائیوں سے سرد خانے میں پڑے ہوا تھا وہ ایک بار پھر دنیا کے سامنے اجاگر ہوا ہے اور انشا اللہ امید ہے کہ کشمیر یوں کی جدوجہد ضرور رنگ لائے گی اور انہیں ان کا حق خود ارادیت ملے گا ۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں پاکستان کی حکومت نے جس طرح پوری دنیا کے سامنے کشمیر کا مقدمہ لڑا ہے پاکستان کی تاریخ میں اس کی کوئی مثال نہیں ملتی اور جب تک کشمیر کا مسئلہ کشمیریوں کی خواہشات کے مطابق حل نہیں ہو جاتا پاکستان اپنی ہر ممکن کوششیں جاری رکھے گا۔ نعمان لنگڑیال نے مزید کہا کہ پاکستان نے اپنے یوم آزاد ی کو کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے طور پر اور بھارت کے یوم آزادی کو یوم سیاہ کے طو رپر منا کر ثابت کر دیا ہے کہ دنیا کی کوئی طاقت ہمیں کشمیریوں سے جدا نہیں کر سکتی ۔

جس طرح پاکستان سمیت دنیا بھر میں بھارت کے یوم آزادی کے دن کو یوم سیاہ کے طو رپر منایا گیا اس پربھارت میں صف ماتم بچھی ہوئی ہے اور اس سے کشمیریوں کی آزادی کی تحریک کو تقویت ملی ہے ۔ انشا اللہ مسئلہ کشمیر وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں ہی حل ہوگا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج کشمیریوں کے ساتھ ہیں اور اگر بھارت نے کسی بھی طرح کی جارحیت کی کوشش کی تو 27فروری کو دہرانے میں ایک لمحے کی تاخیر نہیں کی جائے گی بلکہ اس سے بڑھ کر جواب دیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں پاکستانی قوم کوسیسہ پلائی ہوئی دیوار کی طرح متحد رہنا ہوگا تاکہ دشمن کی تحریبی سازش کو بروقت ناکام بنایا جا سکے ۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات