Live Updates

وزیراعظم عمران خان اوورسیز پاکستانیوں کو پاکستان کی ترقی کا انجن سمجھتے ہیں، شہریارخان آفریدی

شہریارخان آفریدی کا جشن آزادی اور یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر جرمنی کے شہر ہنوور میں پاکستانی کمیونٹی سے خطاب

پیر 19 اگست 2019 21:44

وزیراعظم عمران خان اوورسیز پاکستانیوں کو پاکستان کی ترقی کا انجن سمجھتے ..
جرمنی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 اگست2019ء) وزیر سیفران و انسداد منشیات شہریارخان آفریدی نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان اوورسیز پاکستانیوں کو پاکستان کی ترقی کا انجن سمجھتے ہیں، اوورسیز پاکستانیوں نے اپنے علاقوں، اپنے ملک، اپنے گھروں اور اپنے رشتہ داروں کو الوداع کہہ کر دنیا بھر میں پاکستان کا نام روشن کیا ہے، آپ ہمارے وطن، ہماری قوم کا فخر ہیں۔

شہریارخان آفریدی نے جشن آزادی اور یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر جرمنی کے شہر ہنوور میں پاکستانی کمیونٹی سے خطاب میں کہاکہ وزیراعظم عمران خان کے ویژن اور استقلال پر دنیا حیران ہے،ایک غیرت مند قوم کو جب حقیقی قیادت نصیب ہوتی ہے تو پھر دنیا کو اس قوم کا احترام کرنا پڑتا ہے۔ انہوںنے کہاکہ وزیراعظم عمران خان کے چین، سعودی عرب، امریکہ، متحدہ عرب امارات، قطر اور دیگر ممالک دوروں میں دیا جانیوالا احترام دراصل پاکستان کی نیک نامی کا موجب ہے۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ مسئلہ کشمیر پر سابقہ حکمرانوں کی مجرمانہ خاموشی کے باعث دنیا ہماری بات سننے کو تیار نہیں تھی۔ انہوںنے کہاکہ جب سے وزیراعظم عمران خان نے مسئلہ کشمیر پر بات کرنا شروع کی ہے، دنیا نے ہمیں سنجیدگی سے سننا شروع کر دیا ہے، پاکستان آج درست سمت میں چل پڑا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی ایک سالہ کارکردگی اس امر کا ثبوت ہے کہ پاکستان ریفارمز اور اوپننگ اپ کی راہ پر گامزن ہوچکا ہے۔

انہوںنے کہاکہ اب ہمیں ترقی کی راہ سے کوئی نہیں ہٹا سکے گا۔ انہوںنے کہاکہ ایک سال میں ہماری خارجہ پالیسی، انویسٹمنٹ پالیسی، داخلہ پالیسی درست سمت پاچکی ہے۔انہوںنے کہاکہ ریفارمز اور انوسٹمنٹ پاکستان کو بڑی معاشی قوتوں میں لے جارہی ہے۔ انہوںنے کہاکہ کرپشن اور لاقانونیت کے خلاف عمران خان کی جنگ میں ہر پاکستانی حکومت کے ساتھ ہے۔

انہوںنے کہاکہ اس جنگ کو کرپشن اور لاقانونیت کے خاتمے تک جاری رکھیں گے۔انہوںنے کہاکہ تاریخ میں پہلی بار حکومت پاکستان نے دس ارب ڈالر کا غیرملکی قرضہ اتارا ہے، تیس ہزار ارب قرضے چڑھانے والے ماضی کے حکمرانوں کا احتساب کرینگے۔انہوں نے کہاکہ کسی کو نہیں چھوڑیں گے، ہم پانچ سال پورا کرنے نہیں بلکہ وطن عزیز کو ترقی کی شاہراہ پر ڈالنے کیلئے کام کررہے ہیں۔

انہوںنے کہاکہ ہمارا مشن حکومت بچانا نہیں بلکہ ملک کو بچانا ہے۔ نریندر مودی فلسفہ حسین سے لاعلم ہے، اس کو نہیں پتہ اس نے کس کو للکارا ہے، جزبہ حمیت و حریت سے لبریز پاکستانی قوم وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں کشمیریوں کے حقوق کے تحفظ کیلئے آخری حدوں تک جائیگی۔انہوںنے کہاکہ شہریارخان آفریدی نے جرمنی میں مقیم پاکستانیوں کے مسائل سنے اور انکے حل کیلئے جرمنی میں تعینات پاکستانی سفیر سے ملاقات کرکے انہیں حل کرنے کا یقین دلایا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات