بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں شہریوں کو اپنی طاقت کے بل بوتے پل محصور کر رکھا ہے، فخر امام

نریندر مودی انتخابات جیت کر مظالم پر اتر آئے ہیں اور بابری مسجد، گجرات فسادات جیسا معاملہ وہ کشمیر میں بھی چاہتے ہیں، انٹرویو

پیر 19 اگست 2019 21:47

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 اگست2019ء) چیئرمین کشمیر کمیٹی سید فخرامام نے کہا ہے کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں شہریوں کو اپنی طاقت کے بل بوتے پل محصور کر رکھا ہے۔ایک انٹرویو میں سید فخر امام نے کہا کہ اقوام متحدہ سمیت عالمی برداری کے سامنے یہ بات ثابت شدہ ہے کہ مقبوضہ کشمیر ایک متنازعہ علاقہ ہے۔انہوںنے کہاکہ مسئلہ کشمیر بہت حساس مسئلہ ہے، کشمیریوں کی زندگیاں سخت مشکل میں ہیں، ہمیں دنیا کو اس حوالے سے زیادہ سے زیادہ آگاہ کرنا ہے۔

چیئرمین کشمیر کمیٹی نے کہا کہ نریندر مودی انتخابات جیت کر مظالم پر اتر آئے ہیں اور بابری مسجد، گجرات فسادات جیسا معاملہ وہ کشمیر میں بھی چاہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے جب نریندر مودی کی ثالثی سے متعلق بات سامنے لائی تو انہوں نے ردعمل میں یہ کام کر دیا ہے۔

(جاری ہے)

نریندر مودی نے پلوامہ پر بھی اپنی سیاست کی اور اس پر وہ الیکشن جیت گئے۔

فخر امام نے کہا کہ سلامتی کونسل میں ہمیں کامیابی سفارت کاری سے ہی ملی ہے اور ہمیں اسی حوالے سے مزید کوششیں کرنی ہیں۔ چین اور روس نے ہماری حمایت کی ہے لیکن دیکھنا ہوگا کہ امریکہ، فرانس اور برطانیہ کیا کریں گے۔انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کا مسئلہ اقوام متحدہ کی قرار دادوں اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق حل ہونا ہے۔چیئرمین کشمیر کمیٹی نے بتایا کہ کمیٹی حکومت کو مختلف تجاویز پیش کرتی ہے اور اندرون اور بیرون ملک مسئلہ کشمیر کے حقائق اجاگر کرتی ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کی جلاوطن حکومت قائم کرنے کے بارے میں سوچا جاسکتا ہے۔