بھارت نے کشمیر کو کربلا بنا دیا، جذبہ حسینی کی ضرورت ہے، چودھری شجاعت حسین، پرویزالٰہی

پیر 9 ستمبر 2019 19:25

بھارت نے کشمیر کو کربلا بنا دیا، جذبہ حسینی کی ضرورت ہے، چودھری شجاعت ..
لاہور۔9 ستمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 ستمبر2019ء) پاکستان مسلم لیگ کے صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین، سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی اور مونس الٰہی نے کہا ہے کہ بھارت نے کشمیریوں کو بنیادی ضروریات زندگی سے محروم کر کے مقبوضہ کشمیر کو کربلا بنا دیا ہے، کشمیریوں کو مودی حکومت کے ظلم و تشدد، غیرانسانی سلوک اور غیرقانونی چنگل سے نجات دلانے کیلئے ملت اسلامیہ بالخصوص پاکستانی قوم کی جانب سے جذبہ حسینی کے مظاہرہ کی اشد ضرورت ہے، ہمیں چاہئے کہ آج تمام باہمی اختلافات اور ذاتی مفادات پس پشت ڈال کر ظلم و ناانصافی کے خاتمہ اور حق و صداقت و عظمت انسانی کیلئے ڈٹ جانے کا عہد کریں۔

(جاری ہے)

یوم عاشور پر مسلم لیگی قائدین نے اپنے پیغامات میں کہا کہ جگر گوشہ بتول رضی اللہ عنہا حضرت امام حسین ؓنے اہل بیت اطہارکے ہمراہ عظیم قربانی دے کر نہ صرف مسلمانوں بلکہ پوری بنی نوع انسانی کو درس دیا کہ دین و ملت کی سربلندی کیلئے شبیری کردار ضروری ہے اور کسی حالت اور صورت میں بھی جھکنے کی بجائے باطل قوتوں کا مردانہ وار مقابلہ کیا جائے، ظلم و ظالم کے خلاف ڈٹ جائیں اور کسی قربانی سے دریغ نہ کریں، نہ صرف ہر پاکستانی، ہر مسلمان بلکہ ہر انسان کو حضرت امام حسینؓ اور ان کے ساتھی شہداء کے نقش قدم پر چلتے ہوئے ایمان، ایثار، اتحاد، ثابت قدمی، جرأت اور بہادری کا مظاہرہ کرنا چاہئے، شہدائے کربلا کو خراج عقیدت پیش کرنے کا بہترین طریقہ یہی ہے کہ ہم ان کے عمل و اقوال کو مشعل راہ بنائیں، دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ مادرِ وطن کو خارجی و داخلی دشمنوں کی سازشوں اور کارروائیوں سے محفوظ رکھے اور کشمیر و دیگر علاقوں کے مظلوم و مجبور مسلمانوں کو ظلم و ستم اور خونریزی سے نجات دلائے۔