لیگ ن پونچھ ڈویژن میں ہر آنے والے دن کے ساتھ مزید مضبوط اور مستحکم ہو رہی ہے‘راجہ فیصل آزاد

عوام وزیر اعظم راجہ محمد فاروق حیدر خان پر بھرپور اعتماد کرتے ہوئے جماعت میں شامل ہو رہے ہیں

جمعرات 12 ستمبر 2019 15:13

باغ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 ستمبر2019ء) مسلم لیگ ن پونچھ ڈویژن کے صدر راجہ فیصل آزادنے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن پونچھ ڈویژن میں ہر آنے والے دن کے ساتھ مزید مضبوط اور مستحکم ہو رہی ہے۔ عوام وزیر اعظم راجہ محمد فاروق حیدر خان پر بھرپور اعتماد کرتے ہوئے جماعت میں شامل ہو رہے ہیں۔ جس سے ثابت ہوتا ہے کہ حکومت کی کارکردگی سے عوام مطمن ہیں۔

مسلم لیگ ن نے آزاد خطہ کی تقدیر بدل کر رکھ دی ہے۔ تین سالہ دور میں ریاست کے اند ر تعمیر وترقی کے ایک نئے دور کا آغاز ہو ا ہے جس کی مثال نہیں ملتی۔ انہوں نے کہا کہ راجہ محمد فاروق حیدر خان نے ریاست کے لیے وہ تاریخ ساز اقدامات کیے ہیں جن کی مثال ماضی میں نہیں ملتی ۔ تیرھویں آئینی ترمیم ہو یا ترقیاتی بجٹ میں دوگناہ اضافہ ،این ٹی ایس کا نفاذ ہو یا پبلک سروس کمیشن کو بااختیار بنانا ان تمام اقدامات نے ریاست کے اندر میرٹ ، گڈگورننس اور تعمیر وترقی کی طرح ڈال دی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن پر عوام جتنا بھروسہ کرتے ہیں وہ کسی اور جماعت پر نہیں کرتے ۔ پاکستان میں تحریک انصاف کی بدترین گورننس نے عوام کو مایوس کر دیا ہے۔وہ ایک بار پھر میاں نواز شریف اور مسلم لیگ ن کی طرف دیکھ رہے ہیں کیونکہ اس ملک کو بحرانوں سے صرف مسلم لیگ ن کی قیادت ہی نکال سکتی ہے۔ان خیالات کا اظہار راجہ فیصل آزادنے یونین کونسل ملوٹ کے گائوں چناٹ میں سردار توصیف ایاز و دیگر کی ن لیگ میں شمولیت کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کر تے ہوئے کیا۔

پروگرام کی صدار ت ہیڈماسٹر (ر) سید ناظم حسین شاہ نے کی۔ عاصم شاہ، ثاقب شاہ،راجہ کامران ، سردار نفیس ، سیدتقی شاہ ، راجہ عبدالقدیر ، شوقین حسین،عثمان علی شاہ ، سردار اسد آزاد،سید شکیل حسین شاہ ، اسد گل، سردار افضال ، مشتاق جنجوعہ ، سردار شعیب ایاز، سید نعمان ، سید عثمان ، سعادت علی شاہ ، مہران علی شاہ ، سید سعد علی شاہ ، عاطف قریشی ، سید عامر علی شاہ ساتھیوں سمیت دیگر جماعتوں سے مستفی ہو کر مسلم لیگ ن میں شامل ہوئے اور راجہ فیصل آزادکی قیادت پر اعتماد کا اظہار کر دیا۔

اس موقع پر راجہ فیصل آزاد نے مزید کہا کہ مسلم لیگ ن میں شامل ہونے والے سردار توصیف ایاز اور ان کے ساتھیوں کو خوش آمدید کہتا ہوں اور جس محبت اور خلوص سے آپ نے مسلم لیگ ن کی لیڈر شپ پر جس طرح اعتماد کا اظہار کیا ہے انشااللہ اس پر پورا اتریں گے اور تعمیر و ترقی کے منشور اور میرٹ کی بالا دستی کو یقینی بنایا جائے گا اور کارکنان کی عزت نفس کا خیال رکھا جائے گا۔