سعودی ولی عہد کی نوجوان بہن کے بین الاقوامی وارنٹ گرفتاری جاری، 10 ماہ جیل کی سزا سنا دی گئی

فرانسیسی عدالت نے مزدور کو پٹوانے اور پاؤں چومنے پر مجبور کرنے کا جرم کرنے پر شہزادی حصہ بنت سلمان پر 11 ہزار ڈالرز کا جرمانہ بھی عائد کردیا

muhammad ali محمد علی جمعرات 12 ستمبر 2019 23:12

سعودی ولی عہد کی نوجوان بہن کے بین الاقوامی وارنٹ گرفتاری جاری، 10 ماہ ..
پیرس (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 12 ستمبر2019ء) سعودی ولی عہد کی نوجوان بہن کے بین الاقوامی وارنٹ گرفتاری جاری، 10 ماہ جیل کی سزا سنا دی گئی، فرانسیسی عدالت نے مزدور کو پٹوانے اور پاؤں چومنے پر مجبور کرنے کا جرم کرنے پر شہزادی حصہ بنت سلمان پر 11 ہزار ڈالرز کا جرمانہ بھی عائد کردیا۔ تفصیلات کے مطابق فرانس سے فرار ہو جانے والی سعودی شہزادی اور سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کی نوجوان بہن شہزادی حصہ بنت سلمان پر ایک مزدور پر تشدد کرنے کا جرم ثابت ہوگیا ہے۔

سعودی شہزادی حصہ بنت سلمان کیخلاف فرانس کے دارالحکومت پیرس کی ایک عدالت میں کیس چل رہا تھا۔ سعودی شہزادی کیخلاف یہ کیس 2016 سے چل رہا تھا۔ ولی عہد محمد بن سلمان کی بہن پر الزام ہے کہ انہوں نے 2016 میں پیرس کے دورے کے دوران اپنے ہوٹل کے کمرے میں ایک مزدور کو اپنے گارڈ سے بدترین تشدد کا نشانہ بنوایا تھا۔

(جاری ہے)

مزدور سعودی شہزادی کے کمرے کے غسل خانے کی مرمت کے کام کے سلسلے میں تصاویر لے رہا تھا جب حصہ بنت سلمان بھڑک اٹھی تھیں اور بعد ازاں اس مزدور کو کئی گھنٹے تک اپنے کمرے میں یرغمال رکھا، اس کا موبائل فون تک توڑ دیا گیا۔

سعودی شہزادی حصہ بنت سلمان نے اپنے گارڈ سے اس مزدور کو بدترین تشدد کا نشانہ بنانے کے علاوہ ان کے پاوں چومنے پر بھی مجبور کیا۔ بعد ازاں اس معاملے کے حوالے سے پولیس نے سعودی شہزادی سے دو گھنٹوں تک پوچھ گچھ کی اور پھر انہیں جانے دیا۔ اس واقعے کے تین دن بعد شہزادی فرانس سے فرار ہو گئی تھی۔ کیس کی سماعت کے دوران عدالت نے سعودی شہزادی کو متعدد مرتبہ طلب کیا تاہم وہ حاضر نہیں ہوئیں۔ عدالت نے اب سعودی شہزادی کے باڈی گارڈ کو 8 ماہ قید کی معطل سزا اور 5 ہزار یورو جرمانہ عائد کیا ہے۔ جبکہ سعودی شہزادی کو 10 ماہ قید کی معطل اور 11 ہزار ڈالرز کی سزا سنائی گئی ہے۔ واضح رہے کہ معطل سزا کی حیثیت علامتی ہوتی ہے۔