بھارت کی سازشوں کو ناکام بنانے کیلئے ہمیں پاکستانی بن مقابلہ کرنا ہوگا ،ثروت اعجاز قادری

حکومت بلوچستان کے عوام میں احساس محرومی کو ختم کرنے کیلئے بلوچستان کے وسائل وہاں پر ہی خرچ کرے،سربراہ سنی تحریک

پیر 16 ستمبر 2019 21:58

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 ستمبر2019ء) سربراہ پاکستان سنی تحریک محمد ثروت اعجاز قادری نے کہا ہے کہ بھارت پاکستان میں فرقہ وارانہ فسادات کی سازش کررہا ہے ،بھارت کی سازشوں کو ناکام بنانے کیلئے ہمیں پاکستانی بن مقابلہ کرنا ہوگا ،بلوچستان کے عوام کو ان کے بنیادی حقوق فراہم کئے جائیں ،انتہاپسندی اور دہشتگردی کے خاتمے کیلئے پاک فوج کے ساتھ کھڑے رہینگے ،حکومت بلوچستان کے عوام میں احساس محرومی کو ختم کرنے کیلئے بلوچستان کے وسائل وہاں پر ہی خرچ کرئے ،کارکنان اپنی صفوں میں اتحاد ویکجہتی کو فروغ دیں ،بلوچستان میں بہت جلد کشمیر بنے گا پاکستان کانفرنس کا انعقاد کیا جائیگا ،تنظیم کے کام کو تیز کرنے کیلئے ذمہ داران وکارکنان عوامی رابطہ مہم تیز کردیں ،ملک مسائل کی بھنور اور معاشی عدم استحکام کا شکار ہے ،حکومت ٹیکس وصولی کیلئے غریبوں کی بجائے سرمایہ داروں پر دبائو ڈالے ،غریب پہلے ماچس کی ڈبیا سے لیکر پانی کے بل تک ہر چیز پر ٹیکس ادا کررہے ہیں ،پاکستان اللہ کی عظیم نعمت اور ہماری پہچان ہے ،بلوچستان کے عوام اتنے ہی محب وطن ہیں جتنے دوسرے صوبوں کے عوام ہیں ،بلوچستان کے شہروں میں بہت جلد جلسے اور عوامی طاقت شو کرینگے ،ان خیالات کا اظہار انہوں نے بلوچستان پی ایس ٹی کے صدر محمدعلی جتک کی قیادت میں وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ،اس موقع پر سندھ کے صدر نور احمد قاسمی ،ارکان مرکزی رابطہ کمیٹی فہیم الدین شیخ ،محمد طیب قادری اور وفد میں شامل محمد علی بلوچ ،محمد یاسر سومرو ،اسلم قادری ،سکندر علی بھٹی ،رحیم بلوچ ،حاجی عبدالرحمن بھی موجود تھے ،ثروت اعجاز قادری کا کہنا تھا کہ ملک میں فرقہ وارانہ ولسانی فسادات کی سازش کامیاب ہونے نہیں دینگے ،گھوٹکی میں ہندو بنئے نے گستاخی رسول کی ہے حکومت اس کا فوری نوٹس لے ،نبی کریم ؐ کی شان میں ایک ہندو کا ایسے وقت میں گستاخی کرنا جب کشمیر میں بھارت مسلمانوں پر ظلم وستم کے پہاڑ ڈھا رہاہے پاکستان میں مذہبی فسادات وانتشار پھیلانے کی سازش ہے ،فوری طور پر اس ہندو کو پاکستان کے قانون کے مطابق انجام تک پہنچایا جائے ،انہوں نے کہا کہ ملک کے عوام انتہا پسندی پر یقین نہیں رکھتے مگر کسی کو گستاخی رسول کرنے بھی نہیں دینگے ،پاکستان کی سربلندی وسلامتی کیلئے ہمیشہ مثبت کردار ادا کرتے رہینگے ،مسئلہ کشمیر پر پاکستان کے موقف کی دنیا حمایت کررہی ہے ،بھارتی سپریم کورٹ کے فیصلے نے مودی کے مقدمے پر پانہ پھیر دیا ہے ،انشاء للہ کشمیر کے عوام جلد حق خود ارادیت لیکر دم لینگے ،پاکستان کے عوام کے دل کشمیریوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں اور ان کی اخلاقی حمایت جاری رکھیں گے۔