حسن منہاج کو بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے جلسے میں جانے سے روک دیا گیا

حسن منہاج جنوبی ایشیائی نژاد امریکی کامیڈین اور امریکی ٹی وی شو کے میزبان ہیں

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین پیر 23 ستمبر 2019 16:22

حسن منہاج کو بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے جلسے میں جانے سے روک دیا ..
ہیوسٹن (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 23 ستمبر 2019ء) : جنوبی ایشیائی نژاد امریکی میزبان حسن منہاج کو بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے ہیوسٹن میں ہونے والے جلسے میں داخل ہونے سے روک دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق معروف کامیڈین حسن منہاج کو ہیوسٹن میں این آر جی اسٹیڈیم میں بھارتی وزیراعظم کے جلسے میں جانے سے روک دیا گیا ۔ اس حوالے سے تاحال حتمی وجہ کا علم نہیں ہو سکا اور نہ ہی حسن منہاج کی جانب سے اس حوالے سے کوئی بیان سامنے آیا۔

اس جلسے کے منتظمین میں ایڈم میتھیو بھی موجود تھے جنہوں نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر جلسے کی گئی ویڈیوز شئیر کیں جس میں منہاج کو اسٹیڈیم سے باہر جاتے ہوئے دیکھا گیا۔ حسن منہاج کو بتایا گیا کہ جلسے کی جگہ پر ان کے کیمرے اور ٹیم کے لیے کوئی جگہ موجود نہیں ہے، جبکہ ایک اور ٹویٹر اکاؤنٹ سے جاری ہونے والی ویڈیوز میں حقیقت اُس وقت کُھلی جب اسٹیڈیم کے اندر موجود ایک شخص نے ویڈیو بنا کر دکھایا کہ میڈیا باکس میں کافی جگہ موجود تھی۔

(جاری ہے)

مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں ایک صارف نے حسن منہاج کو اسٹیڈیم میں داخل نہ ہونے کے اقدام کو اسلامو فوبیا کے تحت کیا گیا اقدام قرار دیا۔
جس پر منتظمین کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا۔ سوشل میڈیا پر اس حوالے سے چھڑنے والی بحث میں شُبہ ظاہر کیا گیا کہ چونکہ حسن منہاج کو اکثر و بیشتر مودی سرکار پر تنقید کرتے اور مقبوضہ کشمیر میں رہنے والوں کی حمایت کرتے ہوئے دیکھا گیا تھا لہٰذا اسی وجہ سے انہیں اور ان کی ٹیم کو جلسے کی کوریج کرنے اور اسٹیڈیم میں داخل ہونے سے روک دیا گیا۔ یاد رہے کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے گذشتہ روز ہیوسٹن کے این آر جی اسٹیڈیم میں جلسہ کیا جس میں ان کے ہمراہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ بھی موجود تھے۔