مودی کوایوارڈ دینے پر بل گیٹس فانڈیشن کی اہم رکن مستعفی

مودی حکومت کے اقلیتوں سے روا بدترین سلوک کے باوجود مودی کو ایوارڈ دیے جانے پر بیحد افسوس ہے،مستعفی رکن

جمعرات 26 ستمبر 2019 14:01

نئی دہلی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 ستمبر2019ء) بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کوایوارڈ دیے جانے کیخلاف بل گیٹس فانڈیشن کی اہم رکن مستعفی ہوگئیں۔اس سے قبل بھارتی وزیراعظم کو ایوارڈ دینے کے خلاف ہالی ووڈ کے دو اداکاروں رِز احمد اور جمیلہ جمیل نے بھی ایوارڈ کی تقریب میں شرکت سے انکار کر دیا تھا۔گیٹس فانڈیشن کی کشمیر سے تعلق رکھنے والی کمیونیکیشن اسپیشلسٹ صبا حامد نے احتجاجا ملازمت سے استعفی دیا۔

(جاری ہے)

صبا حامد کا کہناتھا کہ مقبوضہ کشمیر میں لاک ڈان اور پابندیوں سے انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں کی جا رہی ہیں، مودی حکومت کے اقلیتوں سے روا بدترین سلوک کے باوجود مودی کو ایوارڈ دیے جانے پر بیحد افسوس ہے۔خیال رہے کہ گزشتہ روز بھارتی وزیراعظم مودی کو گیٹس فانڈیشن کا سالانہ گول کیپر ایوارڈ دیا گیا ہے۔بل اینڈ میلنڈا گیٹس فانڈیشن نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو بھارت میں حفظان صحت کی صورتحال بہتر بنانے کیلئے اقدامات کرنے پر ایوارڈ سے نوازنے کا فیصلہ کیا تھا۔خیال رہے کہ گزشتہ دنوں متحدہ عرب امارات اور بحرین نے بھی مودی کو سول ایوارڈز سے نوازا تھا جس پر خاصی تنقید کی گئی تھی۔