پاکستان امن کا خواہاں ہے، ہماری خواہش کو کمزوری نہ سمجھا جائے،

خون کے آخری قطرے تک ملک کا دفاع یقینی بنائیں گے، بھارت میں نسلی اور مذہبی امتیاز کو فروغ دیا جا رہا ہے، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل زبیر محمود حیات کا رسالپور پی اے ایف اصغر خان اکیڈمی میں کیڈٹس کی پاسنگ آؤٹ پریڈ سے خطاب

جمعرات 10 اکتوبر 2019 17:30

پاکستان امن کا خواہاں ہے، ہماری خواہش کو کمزوری نہ سمجھا جائے،
رسالپور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 اکتوبر2019ء) چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل زبیر محمود حیات نے کہا ہے کہ پاکستان امن کا خواہاں ہے، ہماری خواہش کو کمزوری نہ سمجھا جائے، خون کے آخری قطرے تک ملک کا دفاع یقینی بنائیں گے، بھارت میں نسلی اور مذہبی امتیاز کو فروغ دیا جا رہا ہے، پاکستان ایک ذمہ دار جوہری طاقت ہے، پاکستان تخفیف اسلحہ کی عالمی پالیسی پر عمل پیرا ہے، پاکستان نے دہشتگردی کیخلاف جنگ میں اہم کردار ادا کیا، دہشتگردی کیخلاف جنگ میں کامیابی سے امن حاصل ہوا۔

وہ رسالپور پی اے ایف اصغر خان اکیڈمی میں کیڈٹس کی پاسنگ آؤٹ پریڈ سے خطاب کر رہے تھے ۔ ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل زبیر محمود حیات رسالپور پہنچنے تو ایئر چیف مارشل مجاہد انور خان نے مہمان خصوصی کا استقبال کیا، مہمان خصوصی جنرل زبیر محمود حیات نے پریڈ کے دستوں کا معائنہ کیا۔

(جاری ہے)

ایئر چیف مارشل مجاہد انور مہمان خصوصی کے ہمراہ سلامی کے چبوترے پر آئے۔

کیڈٹس کے چاک و چوبند دستے نے مارچ پاسٹ کیا اور سلامی دی۔ اس موقع پر فوجی بینڈ نے دلوں کو گرما دینے والی دھنیں بکھیریں۔ مہمان خصوصی جنرل زبیر محمود حیات نے سکواڈرن نمبر 2 کو قائداعظم بینر عطا کیا۔ 142 ویں جی ڈی پی، 88 ویں ایروناٹیکل انجینئرنگ کورس اور 23 ویں اے اینڈ ایس ڈی، 98 ویں اے ڈی کی پاسنگ آؤٹ پریڈ میں پاکستان سمیت دوست ممالک کے کیڈٹس پاس آؤٹ ہونیوالوں میں شامل ہیں۔

مہمان خصوصی جنرل زبیر محمود حیات نے پاس آؤٹ ہونے والے کیڈٹس کو بیجز لگائے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل زبیر محمود حیات نے کہا کہ کشمیریوں سے محبت ہمارے خون میں شامل ہے ، مسئلہ کشمیر سے متعلق اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عملدرآمد ہونا چاہیے، کشمیر تقسیم ہند کا نامکمل ایجنڈا ہے۔۔