محکمہ جات ترقیاتی منصوبہ جات کی بروقت تکمیل کے لیے خصوصی اقدامات اٹھاے جائیں،راجہ محمد فاروق حیدر

حکومت پاکستان کے تعاون سے چلنے والے پراجیکٹس میں سست روی تشویشناک ہے ،مزید تاخیر کسی صورت برداشت نہیں کی جائیگی ،وزیر اعظم آزاد کشمیر

جمعرات 10 اکتوبر 2019 18:37

محکمہ جات ترقیاتی منصوبہ جات کی بروقت تکمیل کے لیے خصوصی اقدامات اٹھاے ..
مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 اکتوبر2019ء) وزیراعظم آزادکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے ہدایت کی ہے محکمہ جات ترقیاتی منصوبہ جات کی بروقت تکمیل کے لیے خصوصی اقدامات اٹھاے جائیں ،لائن آف کنٹرول پر پبلک سیکٹر میں تعمیر ہونے والی عمارات کے پی سی ون میں بنکرز کو بھی شامل کیا جائے جبکہ لائن آف کنٹرول پر بنیادی سہولیات کے خصوصی پروگرام کے پی سی ون کی رواں ماہ تیاری یقینی بنائی جائے ،پی ایس ڈی پی کے منصوبہ جات کی رفتار تیز اور اہداف کو ہر صورت مکمل کیا جائے ،رابطہ سڑکوں کا ٹینڈرنگ پراسس جلد مکمل کیا جائے مارچ تک پچھلے مالی سال اور موجودہ مالی سال کی تمام رابطہ سڑکوں پر کام شروع کیا جائے جبکہ وزیراعظم نے ماحول کے تحفظ ،سالڈ ویسٹ منیجمنٹ اور پولی تھین بیگز کے اوپر مکمل پابندی و ماحول دوست اقدامات تجویز کرنے کے لیے سینیر وزیر کی سربراہی میں اعلی سطحی کمیٹی قائم کر دی ہے کمیٹی میں بیرسٹر افتخار گیلانی ،ڈاکٹر سید آصف حسین و دیگر شامل ،وزیر پاور ڈویلپمنٹ کو ہائیڈل پراجیکٹس کے اندر کام کے معیار ،پراجیکٹس کی مدت تکمیل اور مبینہ تاخیر کے حوالے سے تفصیلی رپورٹ بھی تیار کرنے کی ہدایت کر دی وزیراعظم آزادکشمیر ترقیاتی پراجیکٹس کے جائزہ اجلاس کی صدارت کررہے تھے اجلاس میںسینئر وزیر چوہدری طارق فاروق ،وزراء راجہ نثار حمد خان ،چوہدری محمد عزیز ،نورین عارف،بیرسٹر افتخار گیلانی ،چوہدری رخسار چیف سیکرٹری ،ایڈیشنل چیف سیکرٹری ترقیات ،سیکرٹری براے وزیراعظم،سیکرٹری برقیات ،صنعت و حرفت ،سیکرٹری ہاوسنگ اینڈ فزیکل پلاننگ ،سپیشل سیکرٹری صحت و دیگر نے شرکت کی ۔

(جاری ہے)

ایڈیشنل چیف سیکرٹری ڈاکٹر سید آصف حسین شاہ نے وفاقی سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت آزادکشمیر میں شروع کیے جانے والے مختلف منصوبہ جات پر کام کی رفتار پر بریفنگ دی وزیراعظم نے حکومت پاکستان کے تعاون سے جاری ترقیاتی منصوبہ جات پر کام کی رفتار کو غیر تسلی بخش قرار دیتے ہوے متعلقہ محکمہ جات کو ہدایت جاری کی کہ رفتار تیز کرتے ہوے انہیں باقاعدگی سے رپورٹس پیش کی جائیں وزیراعظم آزادکشمیر کو بتایا گیا کہ آزادکشمیر کے گزشتہ سال کا ترقیاتی بجٹ فارن فنڈنگ کو چھوڑ کر بائیس ارب روپے تھا جبکہ کل اخراجات چوبیس ارب روپے کے ہوے آزادکشمیر کو جاری ترقیاتی بجٹ کی پہلی سہ ماہی کے اخراجات اسی فیصد ہوے ہیں جو کہ کسی بھی صوبے سے زیادہ اور بہترپراگرس ہے ۔

وزیراعظم آزادکشمیر نے ہدایت کی کہ جاگراں فیز ٹو پر کام کی رفتار تیز کی جائے پراجیکٹ ہر صورت وقت پر مکمل ہونا چاہیے جبکہ وزیر پاور ڈویلپمنٹ اس پر کام کی رفتار تیز کرنے کے لیے سفارشات بھجوائیں ،وزیراعظم آزادکشمیر نے رٹھوعہ ہریام پل کے حوالے سے ورکنگ پلان ایک ہفتے کے اندر طلب کیا اور اس حوالے سے انتظامی امور جلد نمٹانے کی ہدایت کی ،وزیراعظم آزادکشمیر کو بتایا گیا کہ ان کی ہدایت پر میرپور میڈیکل کالج کے ہاسٹل کا کام کالج کی عمار ت سے پہلے شروع کیا گیا اور زلزلہ سے ایک ماہ پہلے وہاں طلباء کو شفٹ کر لیا گیا تھا اگر خدانخواستہ عمارت نہ بنی ہوتی تو پرانی عمارت جو کراے پر تھی مکمل تباہ ہوگئی جس سے قیمتی جانوں کے ضیاع کا احتمال تھا ،وزیراعظم آزادکشمیر نے میرپور میڈیکل کالج کی تعمیر کے لیے مالی وسائل بروقت فراہم کرنے کی ہدایت کی ،وزیراعظم آزادکشمیر نے محکمہ صحت ،تعمیرات عامہ عمارات اور مال کو ہدایت کی کہ اڑتالیس گھنٹوں کے اندر مظفرآباد میڈیکل کالج کے سنگ بنیاد کی تیاریاں کی جائیں اور اس سے پہلے تمام ایشوز کو سیٹل کیا جائے ،راجہ فاروق حیدر خان نے قانون ساز اسمبلی کی عمارت کی تعمیر کے ریوائز پی سی ون کی منظور ی کے بعد اس کا باضابطہ کام شروع کرنے کے لیے چیف سیکرٹری کو ہدایت کی کہ اس سلسلہ میں تمام قانونی لوازمات جلد پورے کیے جائیں ،میرپور واٹر سپلائی سکیم و سیوریج لائنز منصوبہ پر بھی کام کی رفتارتیز کرنے اور پراجیکٹس کے کچھ ورکس کے ری ٹینڈر ز کا عمل جلد کرنے کی ہدایات دی گئیں ،اجلاس میں وزیراعظم آزادکشمیر نے محکمہ پبلک ورکس کو ہدایات دیں کہ لائن آف کنٹرول پر دفاعی و عوامی مفاد عامہ کی سڑکوں کی متعلقہ اداروں کے ساتھ ملکر نشاندہی کر لی گئی ہے فوری طورپر ان کا پی سی ون تیار کر کہ ارسال کیا جائے تاکہ ان پر جلد از جلد کام شروع کیا جاسکے ۔

محکمہ برقیات کو ہدایت کی گئی کہ یونیورسٹی کنگ عبد اللہ کیمپس کا گرڈ سٹیشن اور دیگر گرڈ اسٹیشن کی تعمیر کا کام جلد از جلد مکمل کیا جائے ماکڑی واٹر سپلائی سکیمز میں عدالتی حکم امتناعی کو موثر پیروی کے ذریعے نمٹایا جائے وزیراعظم آزادکشمیر نے ہدایت کی کہ سالڈ ویسٹ منیجمنٹ کے منصوبے کی رقم کافی عرصے سے محکمہ لوکل گورنمنٹ کے پاس پڑی ہے جبکہ اس پر کوئی عملدرآمد نہیں کیا جارہا آزادکشمیر کو پولی تھین بیگز سے مرحلہ وار پاک کیا جائے گا اور سالڈ ویسٹ منیجمنٹ صفائی ماحول دوست اقدامات کے لیے سینیر وزیر کی سربراہی میں کمیٹی بنائی گئی جس میں وزیر تعلیم سکولز ،ایڈیشنل چیف سیکرٹری ،سیکرٹری پی پی ایچ ،سیکرٹری لوکل گورنمنٹ بھی شامل ہیں اجلاس کو میرپور اقتصادی زون کے حوالے سے بھی بریفگ دی گئی ۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوے وزیراعظم آزادکشمیر نے کہا کہ آزادکشمیر کا ترقیاتی بجٹ عوام کی بنیادی ضروریات زندگی کو مد نظر رکھ کر ترتیب دیا جاتا ہے آزادکشمیر کے سالانہ ترقیاتی پروگرام کی جہاں کارکردگی انتہائی شاندار رہی ہے وہاں حکومت پاکستان کے تعاون سے چلنے والے پراجیکٹس میں سست روی تشویشناک ہے اب مزید تاخیر کسی صورت برداشت نہیں کی جائیگی محکمہ جات اپنے اپنے اہداف اس ھوالے سے پورے کریں ترقیاتی منصوبہ جات کی مدت تکمیل میں اضافے سے قیمتوں میں اضافے سے اس کی لاگت میں اضافہ ہوجاتا ہے جس کا بوجھ حکومت کو برداشت کرنا پڑتا ہے آفیسران میرٹ پر بروقت فیصلہ یقینی بنائیں تاخیر سے قوم کا نقصان ہوتا ہے ۔