Live Updates

وزیر سیفران و انسداد منشیات شہریارخان آفریدی کی اقوام متحدہ میں یورپی سفیر کارل ہیلرگارڈ سے جنیوا میں ملاقات

مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالی، کرفیو اور قابض بھارتی فوج کی نوجوانوں کو ٹارگٹ کرنے کی مہم پر تفصیلی بریفنگ

جمعرات 10 اکتوبر 2019 23:15

جنیوا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 اکتوبر2019ء) وزیر سیفران و انسداد منشیات شہریارخان آفریدی نے اقوام متحدہ میں یورپی سفیر کارل ہیلرگارڈ سے جنیوا میں ملاقات کی ۔شہریارخان آفریدی نے یورپی یونین کے سفیر کو مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالی، 66 روزہ کرفیو اور قابض فوج کی کشمیری نوجوانوں کو ٹارگٹ کرنے کی پالیسی پر بریفنگ دی۔

اس موقع پر شہریار آفریدی نے کہا کہ اس سے قبل کہ کشمیر میں انسانی المیہ جنم لے دنیا کو اقدامات کرنا ہوں گے۔ کشمیر جنوبی ایشیاء میں دو ہمسایوں کے درمیان نیوکلیئر فلیش پوائنٹ ہے۔ ستر سال سے حقوق کے متلاشی کشمیری عوام اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے مطابق استصواب رائے کا حق رکھتے ہیں۔ پاکستان کبھی اس حق پر سمجھوتہ نہیں کریگا۔

(جاری ہے)

بھارت نے کشمیر کو دنیا کا سب سے بڑا ملٹرائزڈ زون بنا رکھا ہے۔

افواج کے درمیان کوئی غلط فہمی خطے کو ایسی جنگ میں دھکیل سکتی ہے جس کے اثرات بارڈر اور خطے سے باہر جائیں گے۔ پاکستان اپنے مالی مسائل کے باوجود لاکھوں افغان مہاجرین کی فراخدلانہ مہمان نوازی کررہا ہے۔ ہم نہ صرف افغان مہاجرین کو خوراک فراہم کررہے ہیں بلکہ تعلیم، صحت اور دیگر بنیادوں سہولیات بھی فراہم کررہے ہیں۔ وزیراعظم عمران خان کے خصوصی حکم پر ڈیڑھ لاکھ افغان مہاجرین کو بنک اکاؤنٹس کھولنے کی سہولت دی گئی ہے جو بے مثال ہے۔

اس موقع پر یورپی سفیر کارل ہیلرگارڈ نے کہا کہ یورپی یونین کشمیر کی صورتحال پر پریشان ہے۔ یورپی یونین کشمیر کی صورتحال پر نگاہ رکھے ہوئے ہے،ہم صورتحال اور انسانی حقوق کی سچویشن پر پریشان ہیں۔ یورپی یونین وزیر اعظم عمران خان کی کشمیر میں انسانی حقوق کی بحالی کی کوششوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ یورپی یونین پاکستان کی چالیس سال سے لاکھوں افغان مہاجرین کی فراخدلانہ مہمان نوازی کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ ہم افغان مہاجرین کی مہمان نوازی پر حکومت پاکستان اور پاکستانی عوام کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ یورپی مشن اقوم متحدہ میں تعینات پاکستانی مشن سے قریبی رابطے میں ہے۔ ہم مختلف ایشوز پر تبادلہ خیالات کر تے ہیں۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات