Live Updates

نواز شریف اور زرداری کا مولانا کارڈ ناکام ہوگا،سردار دوست محمد مزاری

منگل 15 اکتوبر 2019 17:28

نواز شریف اور زرداری کا مولانا کارڈ ناکام ہوگا،سردار دوست محمد مزاری
لاہور۔15 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اکتوبر2019ء) ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی سردار دوست محمد مزاری نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کی سیاست پر اتنے برے دن آ چکے ہیں کہ اب ان کو مولانا فضل الرحمان کا سہارا لینا پڑ رہا ہے۔ نواز شریف اور زرداری کا مولانا کارڈ ناکام ہوگا۔ یہ دونوں مولانا فضل الرحمان کو صرف ڈیل کیلئے استعمال کر رہے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پنجاب اسمبلی میں اپنے چیمبر میں اراکینِ پنجاب اسمبلی سے گفتگو کے دوران کیا۔ موجودہ ملکی صورتحال پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آزادی مارچ کے نام پر مفاد پرستوں کا ٹولہ اکٹھا ہونے کی کوشش کر رہا ہے۔ ان کا ایجنڈا پاکستان کی ترقی اور روشن مستقبل نہیں، ملکی مفاد اور ترقی نہیں، غریب کی غربت مٹانا نہیں، ملک میں انصاف کا بول بالا نہیں، ہر شہری کیلئے یکساں نظامِ تعلیم اور صحت کے مواقع فراہم کرنا نہیں بلکہ اپنی لوٹی ہوئی دولت کو بچانا ہے۔

(جاری ہے)

ڈپٹی سپیکر نے مزید کہا کہ آزادی مارچ کی باتیں کرنے والے اقتدار کے بھوکے لوگ ہیں اور اقتدار کے حصول کیلئے یہ کچھ بھی کرنے کو تیار ہیں ۔ چاہے اس سے ملک میں انتشار پھیلے یا ملکی مفاد کو نقصان پہنچے لیکن ا ب ان کو یہ بات واضح کر لینی چاہیے کہ پاکستان تحریکِ انصاف کی حکومت کسی لانگ مارچ یا دھرنے سے بلیک میل نہیں ہوگی۔انکا کہنا تھا کہ غیر جمہوری سوچ رکھنے والی جماعتوں کا یہ اتحاد حکومت کیلئے پانی کا بلبلہ ہے جس سے حکومت کو کوئی خطرہ نہیں۔سردار دوست محمد مزاری نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں پاکستان ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات