قائمقام صدر محمد صادق سنجرانی کی لائن آف کنٹرول پر بھارتی جارحیت کی مذمت

بھارتی فوج لائن آف کنٹرول پر سیز فائر کی کھلے عام خلاف ورزی کررہی ہے، نہتے اور بے گناہ شہریوں کو شہید کررہی ہے، بیان

اتوار 20 اکتوبر 2019 20:40

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اکتوبر2019ء) قائمقام صدر محمد صادق سنجرانی نے لائن آف کنٹرول پر بھارتی جارحیت کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی فوج لائن آف کنٹرول پر سیز فائر کی کھلے عام خلاف ورزی کررہی ہے، نہتے اور بے گناہ شہریوں کو شہید کررہی ہے، مودی سرکار خوف کا شکار ہے۔ اتوار کو اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ عالمی برادری مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے اپنا کردار ادا کرے ۔

(جاری ہے)

محمد صادق سنجرانی نے کہا کہ شہداء کے لواحقین کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہیں، زخمیوں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کی جائیں۔ قائمقام صدر نے کہا کہ مودی سرکار خطے کے امن کو تباہ کرنے کے درپے ہے، لائن آف کنٹرول پر حملہ بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہے۔ قائمقام صدر نے کہا کہ بھارت خطے کا تھانیدار بننے کے خواب دیکھ رہا ہے، پاکستان خطے میں امن کی کاوشوں کی حمایت جاری رکھے گا۔ انہوں نے کہا کہ افواج پاکستان کسی بھی جارحیت کا جواب دینا جانتے ہیں۔