Live Updates

مولانا فضل الرحمن کا دھرنہ بے وقت کی راگنی ہے،غلام سرور خان

مولانا کے دھرنے کا مقصد قطعی طور پر ملک دشمنی اور کشمیر دشمنی کے مترادف ہے،وفاقی وزیر کا بیان

بدھ 23 اکتوبر 2019 16:00

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 اکتوبر2019ء) وفاقی وزیر برائے ہوا بازی غلام سرور خان نے کہاہے کہ مولانا فضل الرحمن کا دھرنہ بے وقت کی راگنی ہے۔ بدھ کواپنے بیان میں انہوںنے کہاکہ وزیراعظم عمران خان نے اقوام متحدہ میں جس پرزور انداز میں مسئلہ کشمیر کو اجاگر کیا وہ ملک دشمن عناصر کو ہضم نہیں ہوا،مولانا بھی ان میں سے ایک ہیں،مولانا کے دھرنے کے ذریعے ملکی اور بین الاقوامی میڈیا کی توجہ مسئلہ کشمیر سے ہٹا کر دھرنے کی طرف مبذول کرانے کی کوشش ہے،ایسا صرف ملک دشمن اور کشمیر کی آزادی کے مخالفین ہی کر سکتے ہیں،ہر سال کشمیری عوام 27 اکتوبر کو یوم سیاہ مناتے ہیں.حکومت پاکستان نے بھی اس سال کشمیری بہن بھائیوں کے ساتھ یوم یکجہتی منانے کا اعلان 27 اکتوبر کو کر رکھا تھا.غلام سرور خان نے کہاکہ مولانا کا مقصد مسئلہ کشمیر سے توجہ ہٹانا ہے۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر نے کہا کہ مولانا کے دھرنے کا مقصد قطعی طور پر ملک دشمنی اور کشمیر دشمنی کے مترادف ہے۔ انہوںنے کہاکہ لائن آف کنٹرول پر بھارت خلاف ورزیاں کر رہا ہے۔ عام شہری شہید ہو رہے ہیں۔غلام سرور خان نے سوال کیا کہ کیا دشمن کے ساتھ اس کشیدگی کے موقع پر دھرنے کی ضرورت ہی اس دھرنے کے تحت ملک کو کمزور کرنے کی سازش کی جارہی ہے،اس دھرنے کا فائدہ بھارت کو براہ راست ہوگا.وفاقی وزیر نے کہا کہ میڈیا اور سوشل میڈیا کشمیر ایشو کی بجائے دھرنے پر متوجہ ہوجائے گا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات