Live Updates

حکومت نے کسی سے کوئی ڈیل نہیں کی

سینیٹر فیصل جاوید نے پروگرام میں گفتگو کے دوران صاف صاف بتا دیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین منگل 12 نومبر 2019 11:00

حکومت نے کسی سے کوئی ڈیل نہیں کی
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 12 نومبر 2019ء) : نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں بات کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے سینیٹر فیصل جاوید خان نے کہا کہ حکومت نے کسی سے کوئی ڈیل نہیں کی۔ نواز شریف کی بیرون ملک روانگی تاخیر کا شکار ہو گئی ہے تاہم یہ طے ہے کہ وہ بیرون ملک جائیں گے اور اُمید ہے کہ آصف علی زرداری بھی علاج کے لیے بیرون ملک چلے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف کی صحت انتہائی خراب ہے اور وہ عدالت کی اجازت سے علاج کے لیے بیرون ملک جا رہے ہیں۔ حکومت کسی قسم کی کوئی ڈیل نہیں کر رہی۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان سیاست میں ملک سے غربت، منی لانڈرنگ اور کرپشن کا خاتمہ کرنے آئے تھے۔ خیبر پختونخواہ کی حکومت میں بھی پہلے سال مشکلات پیش آئی تھیں لیکن پانچ سال مکمل ہونے کے بعد پاکستان تحریک انصاف دوبارہ پہلے سے زیادہ ووٹ لے کر صوبائی حکومت میں آئے۔

(جاری ہے)

مریم نواز سے متعلق بات کرتے ہوئے سینیٹر فیصل جاوید خان نے کہا کہ عدالت نے مریم نواز کا نام ای سی ایل سے نہ نکالنے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ ملک میں احتساب کا عمل نہیں رک رہا اور نہ ہی کسی کا کیس ختم کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف حکومت ملک میں ریفارمز لے کر آ رہی ہے اور کسی جگاڑ کا سہارا نہیں لے رہی۔ ہمارے اخراجات زیادہ ہیں لیکن آمدن کم ہے۔

پاکستان پیپلز پارٹی کی حکومت کے پہلے سال 13 فیصد مہنگائی ہوئی تھی اور مسلم لیگ ن کی حکومت میں تقریباً 11 فیصد مہنگائی ہوئی لیکن پاکستان تحریک انصاف کی حکومت میں 7 فیصد مہنگائی ہوئی۔ مولانا فضل الرحمان سے متعلق بات کرتے ہوئے سینٹر فیصل جاوید خان نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان نے اپنا احتجاج ریکارڈ کروانا تھا وہ کروا دیا لیکن انہیں نہ تو این آر او ملے گا اور نہ ہی انہیں وزیراعظم کا استعفیٰ ملے گا۔ علی امین گنڈا پور نے استعفیٰ دے کر دوبارہ مولانا فضل الرحمان سے انتخاب لڑنے کی آفر کی ہے اور وہ انتخاب لڑ کر اسمبلی میں آ سکتے ہیں۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات