وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کے کزن نواب ریاض حسین قریشی کی نماز جنازہ وائٹ ہائوس ملتان میں ادا کی گئی

منگل 12 نومبر 2019 21:52

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 نومبر2019ء) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کے کزن اور سابق گورنر و وزیراعلیٰ پنجاب نواب صادق حسین قریشی (مرحوم) کے صاحبزادے نواب ریاض حسین قریشی (مرحوم) کی نماز جنازہ منگل کو ان کی رہائش گاہ وائٹ ہائوس ملتان میں ادا کی گئی۔ مرحوم کی نمازجنازہ علامہ سیّد علمدار حسین نقوی نے پڑھائی۔

مرحوم کو نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعد دربار حضرت بہائو الدین زکریا کے احاطہ میں سپرد خاک کیا گیا۔ وزیر خارجہ و دربار حضرت بہائوالدین زکریا کے سجادہ نشین مخدوم شاہ محمود قریشی نے نماز جنازہ کے بعد مرحوم کی مغفرت اور درجات کی بلندی کیلئے اجتماعی دعا کرائی۔ نماز جنازہ میںپی ٹی آئی رہنما جہانگیر ترین، سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی، سیّد احمد مجتبیٰ گیلانی، مخدوم جاوید ہاشمی، علی خان ترین، سابق وزیر قانون زاہد حامد، مخدوم زادہ مرید حسین قریشی سمیت اہم سیاسی و سماجی شخصیات نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

نواب ریاض حسین قریشی کی قل خوانی (آج) بدھ کو سہ پہر 2 بجے وائٹ ہائوس ملتان میں منعقد ہو گی۔ مرحوم کے بڑے صاحبزادے حسن حسین قریشی کی دستار بندی کی جائے گی۔ اس موقع پر وزیر خارجہ و سجادہ نشین دربار حضرت بہائولدین زکریا مخدوم شاہ محمود قریشی نواب ریاض حسین قریشی مرحوم کے بڑے صاحبزادے حسن حسین قریشی کی دستار بندی کریں گے۔