وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کے کزن اورسابق گورنرنواب صادق قریشی کے صاحبزادے نواب ریاض حسین قریشی کی قل خوانی ،جہانگیر ترین ،جاویدہاشمی سمیت اہم شخصیات کی شرکت

بدھ 13 نومبر 2019 23:08

ملتان ۔ 13 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 نومبر2019ء) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ وائٹ ہائوس ملتان کی اپنی ایک تاریخ ہے۔ اس گھر میں ملک بھر سے سائنسدانوں کو بلایا گیا اور پاکستان کو ایٹمی قوت بنانے کا فیصلہ کیا گیا ۔ اس گھر میں پاکستان کو محفوظ کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ اس گھر میں کئے گئے فیصلوں کی بدولت پاکستان ناقابل تسخیر قوت بن چکا ہے اور کوئی دنیاوی طاقت پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتی ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز اپنے کزن نواب ریاض حسین قریشی مرحوم کی قل خوانی کے موقع پر شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا وائٹ ہائوس کے مکین رواداری ‘ وزاداری میں اپنی مثال آپ تھے یہاں کے بزرگوں نے ملتان کے لوگوںمیں محبتیں اور خوشیاں بانٹیں۔

(جاری ہے)

اب اس گھر کی نوجوان نسل کو اپنے بزرگوں کی روایات کا امین بننا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس دنیا میں ہم سب لوگ مسافر ہیں اور سب نے ابدی سفر پر جانا ہے ۔ہمیں اس سفر کے لیے تیاری کرنا ہوگی۔ اس سفر کیلئے زاد راہ تیار کرنا ہوگا۔ انہوں کہا نواب ریاض حسین قریشی ایک شریف النفس اور وضعدار انسان تھے۔ مرحوم ہر ایک سے پیار کرنے والے اور خوش اخلاق انسان تھے۔ مرحوم کی کمی اور خلاء مدتوں پُر نہیں ہوگا۔ قبل ازیں وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کے کزن اور سابق گورنر و وزیراعلیٰ پنجاب نواب صادق حسین قریشی مرحوم کے فرزند نواب ریاض حسین قریشی کی رسم قل خوانی گزشتہ روز ان کی رہائش گاہ وائٹ ہائوس ملتان میں ادا کی گئی۔

اس موقع پر مجلس عزاء سے ممتاز عالم دین علامہ ناصر سبطین ہاشمی نے خطاب کیا۔ قل خوانی میں زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ جن میں پی ٹی آئی کے مرکزی رہنما جہانگیر خان ترین علی خان ترین ‘ مخدوم مرید حسین قریشی‘ مخدومزادہ زین حسین قریشی‘ مخدوم جاوید ہاشمی ‘ملک عامر ڈوگر ‘سابق وفاقی وزیر سید تنویر الحسن گیلانی‘ سابق وزیر قانون زاہد حامد ‘اورنگزیب خان کھچی ‘ ملک جہانزیب وارن ‘ معین ریاض قریشی‘ پیر ظہور حسین قریشی ‘ صوبائی وزراء ڈاکٹر اختر ملک ‘سید حسین جہانیاں گردیزی ‘ اراکین صوبائی اسمبلی ملک سلیم لابر ‘ ملک واصف مظہر راں ‘ ندیم قریشی ‘ حاجی جاوید اختر انصاری ‘ وسیم خان بادوزئی ‘ سید تنویر الحسن گیلانی‘ پیر عارف زمان قریشی‘ خواجہ جلال الدین رومی ‘ارشاد قریشی ایڈووکیٹ ‘ نواب مقبول قریشی‘ سید حیدر زمان گردیزی‘اظہر قریشی‘ سید حیدر عباس گردیزی‘وائس چانسلر زرعی یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر رائو آصف علی ‘عمر نواز ،کبیر قریشی‘ خواجہ سلیمان صدیقی سمیت دیگر شامل ہیں۔

وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے قل خوانی کے بعد مرحوم ریاض حسین قریشی ‘ عاشق حسین قریشی مرحوم ‘ اپنی ہمشیرہ اور خاندان کے دیگر بزرگوں کے ایصال ثواب اور درجات کی بلندی کیلئے دعا کروائی۔ انہوں نے مرحوم ریاض حسین قریشی کے بڑے صاحبزادے حسن حسین قریشی کی دستار بندی کی اور غم کے اس لمحات میں شرکت کرنے پر اپنے خانوادہ کی جانب سے شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔