Live Updates

2018ء کے انتخابات میں دھاندلی کا جن سے شکوہ تھا ان کا جواب شکوہ آگیا

Umer Jamshaid عمر جمشید جمعرات 21 نومبر 2019 18:04

جہلم (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 21 نومبر2019ء،نمائندہ خصوصی،طارق مجید کھوکھر) جمعیت علمائے اسلام کے مرکزی سیکریٹری اطلاعات حافظ حسین احمد نے کہا ہے کہ جے یو آئی اور اپوزیشن کے آزادی مارچ سے دیگر معاملات کے ساتھ نیب کا قبلہ بھی درست ہوتا نظر آرہا ہے، 2018ء کے انتخابات میں دھاندلی کا جن سے شکوہ تھا ان کا جواب شکوہ آگیا۔انہوں نے کہا کہ چیئرمین نیب کا تازہ بیان کہ ”آئندہ احتسابی عمل بلا تفریق اور غیر جانبدار نہ ہوگا“ اس بات کا اعتراف ہے کہ اس سے پہلے احتساب سلیکٹڈ تھا اور اس سے سلیکٹڈ کو باہر رکھا گیا تھا، انہوں نے کہا کہ یہ بھی آزادی مارچ کی کامیابی کے اثرات ہیں جو آہستہ آہستہ سامنے آرہے ہیں، حافظ حسین احمد نے کہا کہ جنوری 2020ء تک جو کچھ ہونیوالا ہے اس سے عمران نیازی پریشان ہیں اور اس کی پریشانی و جھنجلاہٹ اس کے بیانات اور اپوزیشن رہنماؤں کو گالی گلوچ اور نازیبا الفاظ سے آشکار ا ہے۔

(جاری ہے)

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اس صورتحال سے پریشان ہوکر ”نکے“ نے 2روز کی چھٹی نہیں بلکہ ”کٹی“ کی، آخر کار ”نکے“ کو منانے کے لیے ”ابے“ کو زحمت کرنی پڑی، ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ چوہدری شجاعت حسین اور چوہدری پرویز الٰہی اس قسم کے مذاکرات میں ”تمغہ شجاعت“ ہولڈر ہیں اس کا دکھ بھی عمران نیازی کے لیے ناقابل برداشت ہے، انہوں نے کہا کہ سلیکٹڈ حکمران اب آخری ہچکیوں پر آگئے ہیں اور ویسے بھی اب جن پر ان کا تکیہ تھا وہی پتے ہوا دینے لگے ہیں۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات