Live Updates

وزیراعظم عمران خان کی وجہ سے پوری دنیا میں پاکستان کی عزت میں اضافہ ہوا‘ ڈاکٹرعارف علوی

ریاست مدینہ ہماری منزل ہے،اس منزل کو پانے کے لیے راستوں کا تعین کیاجارہا ہے، دو قومی نظریے نے آج ثابت کردیا کہ وہ وقت کی ضرورت تھا دوسرے فیز میں چائنہ اورپاکستان کے درمیان فری ٹریڈ معاہدہ پر عملدرآمد دسمبر سے شروع ہوجائے گا ،پاکستان سرمایہ کاری کیلئے سازگار ملک بن چکا ہے، صدر مملکت کا علامہ اقبال عوامی میلہ اور بک فیئر کی تقریب تقسیم انعامات ،ریاست مدینہ ،مملکت پاکستان اور فکر اقبال سیمینار،ایکسپو سنٹر میں دو روزہ پانچویں چائنہ ایگرو کیمیکل پاکستان سمٹ کی افتتاحی تقریب سے خطاب

جمعرات 21 نومبر 2019 20:02

وزیراعظم عمران خان کی وجہ سے پوری دنیا میں پاکستان کی عزت میں اضافہ ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 نومبر2019ء) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی وجہ سے پوری دنیا میں پاکستان کی عزت میں اضافہ ہوا، ہمیں اب اپنے مزاج میں بھی مساوات کی تبدیلی لانا ہوگی،ہم جدید اسلامی فلاحی ریاست پاکستان چاہتے ہیں، ہمارے ریاست مدینہ بنانے کی بات پر کچھ لوگ تنقید کرتے ہیں،ریاست مدینہ ہماری منزل ہے،اس منزل کو پانے کے لیے راستوں کا تعین کیاجارہا ہے، علامہ اقبال نے جس سوچ پر پاکستان کو قائم کرنے کا خواب دیکھا وہ نظریہ آج بھی زندہ ہے،دو قومی نظریے نے آج ثابت کردیا کہ وہ وقت کی ضرورت تھا،علامہ اقبال نے امت مسلمہ کیلئے جو خواب دیکھا اس کی تعمیر پچھلے سال سے نظر آرہی ہے،دوسرے فیز میں چائنہ اورپاکستان کے درمیان فری ٹریڈ معاہدہ پر عملدرآمد دسمبر سے شروع ہوجائے گا ،پاکستان سرمایہ کاری کیلئے سازگار ملک بن چکا ہے، پاکستان تیزی سے ترقی کرنے والے ممالک میں شامل ہو چکا ہے اور حالیہ بین الاقوامی اشاریے اس بات کے عکاس ہیں، پاکستان اور چین خطے میں مستقل امن اور معاشی ترقی کیلئے کوشاں ہیں اور سی پیک بھی اس سلسلے کی ایک کڑی ہے، موجودہ حکومت ماحولیات، گلوبل وارمنگ، تعلیم، خطے میں امن و امان کے قیام پر کام کر رہی ہے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوںنے ایوان اقبال میں اقبال اکادمی پاکستان کے زیر اہتمام علامہ اقبال عوامی میلہ اور بک فیئر کی تقریب تقسیم انعامات اور ریاست مدینہ ،مملکت پاکستان اور فکر اقبال سیمیناراورایکسپو سنٹر میں دو روزہ پانچویں چائنہ ایگرو کیمیکل پاکستان سمٹ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کر تے ہوئے کیا ۔ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ گزشتہ ایک سال سے پاکستان کا وقار اورعزت دنیا بھر میں تسلیم کی گئی ہے ،سیاہ بادل چھٹ چکے ہیں اور پاکستان دنیا کے سامنے ایک خوبصورت اور دلکش جزیرہ کی مانند ابھر کر سامنے آیا ہے ۔

صدر مملکت ڈاکٹرعارف علوی نے کہا کہ اقبال کی فکر میںامت مسلمہ کو متحد اور اکٹھا رہنے کی بات کی گئی ہے ۔علامہ اقبال نے جس سوچ پر پاکستان کو قائم کرنے کا خواب دیکھا وہ نظریہ آج بھی زندہ ہے،دو قومی نظریے نے آج ثابت کردیا کہ وہ وقت کی ضرورت تھا،علامہ اقبال نے امت مسلمہ کیلئے جو خواب دیکھا اس کی تعمیر پچھلے سال سے نظر آرہی ہے،۔ اس وقت پاکستان کی توجہ کشمیر پر ہے، جبکہ بھارت اپنی قوم کو گڑھوں میں گرا رہا ہے،مودی نے گجرات میں مسلمانوں کا قتل عام کیا اور ان کو بھارت میں شہریت کے حقوق نہیں دیئے گئے۔

وزیراعظم عمران خان نے اقوام متحدہ میں اسلامی فوبیہ، گلوبل وارمنگ اور کشمیر کا مقدمہ لڑا۔ مہاتیر محمد، طیب اردگان نے بھی پاکستان کا ساتھ دیا۔ بہت جلد تینوں ممالک دنیا کو اسلام کی حقیقت سے آگاہ کرنے کیلئے چینل لارہے ہیں، جس سے پوری دنیا میں ہماری اسلامی، فلاحی ریاست کا مقام ہوگا۔۔ انہوں ن ے کہا کہ آج کے نوجوان کو فکر اقبال سے ہم آہنگ کرنے کی ضرورت ہے جس کے لیے حکومت نے نصاب میں اقبالیات کو شامل کیاہے ،ہماری طاقت ہماری نوجوان نسل ہے یہی وہ ہونہار ہیں جن کی بدولت ملک وقوم کی ترقی و خوشحالی یقینی بنتی رہی ہے اور بنے گی ،جہاں تک ریاست کی بات ہے تو تحریک انصاف پاکستان کو جدید اسلامی جمہوریہ پاکستان بنانا چاہتی ہے جس میں عوامی فلاح بھی ہے اور یہاں بسنے والے انسانوں کی جان ومال کا تحفظ بھی ہے۔

قبل ازیںایکسپو سنٹر میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر مملکت نے دنیا بھر کے تاجروں اور سرمایہ کاروں پر زور دیا ہے کہ وہ پاکستان میں سرمایہ کاری کریں کیونکہ پاکستان سرمایہ کاری کیلئے سازگار ملک بن چکا ہے، پاکستان ایشیاء کے تیزی سے ترقی کرنیوالے ممالک میں شامل ہو چکا ہے، حالیہ بین الاقوامی اشاریے اس بات کے عکاس ہیں، پاکستان اور چین خطے میں مستقل امن اور معاشی ترقی کیلئے کوشاں ہیں اور سی پیک بھی اس سلسلے کی ایک کڑی ہے، موجودہ حکومت ماحولیات، گلوبل وارمنگ، تعلیم، خطے میں امن و امان کے قیام پر کام کر رہی ہے۔

انہوںنے کہا کہ ماحولیات اورگلوبل وارمنگ جواس وقت سب سے بڑا مسئلہ ہے، وزیراعظم پاکستان عمران خان گلوبل وارمنگ ‘ تعلیم‘ علاقائی امن وامان پر بہت کام کررہے ہیں۔سارک ممالک میں کئی دفعہ اس مسئلہ کو اٹھایا مگر بھارت اس ریجن میں تعاون نہیںکررہا، بدقسمتی سے ماحولیات کو صحیح کرنے میں بھارت ساتھ نہیں دے رہا۔انہوں نے کہا کہ علاقے میں چائنہ پاکستان کے تعلقات بہتر ہیں اورچائنہ اپنے پڑسیوں سے بھی اچھے تعلقات رکھتا ہے جبکہ بھارت اپنے ہی لوگوں سے لڑ رہا ہے اوراقلیتوں کے مذہبی مقامات جیسے بابری مسجد ،کشمیر اور دیگر مسائل بھارت کی وجہ سے متاثرہورہے ہیں۔

علاقے کا اہم ملک بھارت اس بات کو نہیں سمجھ سکا کہ مسلمانوں نے یہاں حکومت کی ہے، بھارت اپنے اندر رہنے والی ہر اقلیت کے ساتھ بدسلوکی کر رہاہے جو خطے میں امن کیلئے خطرہ ہے۔انہوں نے کہا کہ دوسرے فیز میں چائنہ اورپاکستان کے درمیان فری ٹریڈ معاہدہ پر عملدرآمد دسمبر سے شروع ہوجائے گا۔ ایگرو کیمیکل سمٹ نے 2019ء میں بڑا اچھا موقع فراہم کیا ہے کہ وہ دونوں ممالک کے تاجر اورکسان ایک دوسرے کے تجربات سے فائدہ اٹھائیں۔

صدر مملکت ڈاکٹرعارف علوی نے زراعت کے حوالے سے چائنہ کی تعریف کرتے ہوئے کہاکہ زرعی شعبوں میں ترقی سے پاکستان کے بیج پیداوار بڑھانے کیلئے چائنہ کے تعاون سے کام کررہا ہے اگرچہ پاکستان ایک زرعی ملک ہے لیکن بیج کی پیداوار کے حوالے سے ہم چائنہ سے بہت پیچھے ہیںاورمارکیٹ کی ضرورت کے مطابق بیج پیدا نہیں کر رہے۔ہمیں اس کمی کو پورا کرنا ہے، پاکستان ایگریکلچرل کونسل بھی اس سلسلے میں حکومت کے ساتھ رابطے میں ہے، کسان تبدیلی کو دیکھنا چاہتا ہے، کسانوں کو زبانی بتاکر نہیں سمجھایا جاسکتا اوراس سلسلے میں ماڈل فارم بنانے کی ضرورت ہے تاکہ کسان عملاً جدید زرعی ٹیکنالوجی سے فائدہ اٹھا سکے۔

صدر نے کہا کہ کھاد اورزرعی ادویات کا استعمال ضرورت کے بغیر نہیںہونا چاہئے اور مٹی کے ٹیسٹ کے بعد اس میں ضرورت کے مطابق وہی کھاد اتنی مقدارمیں ڈالی جائے جو منظور کی گئی ہو۔ اب زراعت ایک سائنسی پراسیس کے مجموعے کا نام ہے۔جوجدید ٹیکنالوجی میں بڑا اہم کردار ادا کرتی ہے اس کے ساتھ ساتھ بروقت معلومات کسان تک پہنچانا بھی ضروری ہیں۔ دنیا بدل رہی ہے کسان کو بھی بدلناہوگا اور اس سلسلے میں کسان کو بھی جدید زرعی تکنیک کو اپنا پڑ ے گا ۔

انہوں نے کہا کہ پاک چائنہ دوستی مفاد سے بالاتر ہے، ہم ایک دوسرے کے علاقائی اورتہذیبی مسائل سے بخوبی آگاہ ہیں،پاکستان اور چائنہ علاقے میں مستقل امن اور معاشی ترقی کیلئے کوشاں ہیں۔ سی پیک بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے اوربالخصوص ان ممالک کو زیادہ فائدہ ہوگا جن کے ساتھ سمندری حدود نہیں لگتیں۔صدر مملکت عارف علوی نے پاکستان چین دوستی کا حوالے دیتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے اقوام متحدہ کے خطاب میں چین میں امن و امان کے کردار کی تعریف کی۔

چین ایشیاء میںسب سے زیادہ تیزی سے ترقی کرنیوالا ملک ہے اور پاکستان بھی اس کے تجربات سے فائدہ اٹھا رہا ہے، چونکہ پاکستان بھی ایشیاء کے ان ممالک میں شامل ہے جو تیزی سے ترقی کر رہے ہیں اور حال ہی میں موصول ہونیوالی بین الاقوامی اشاریے اس بات کے عکاس ہیں۔صدر مملکت عارف علوی نے کہا کہ ایک اچھی خبر بھی دینا چاہتا ہوں کہ تاجروں کیلئے معاشی پالیسیوںکے حوالے سے اعتماد بحال ہوا ہے جس کی وجہ سے تجارت میں اضافہ ہوا ہے ۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات