داؤد ابراہیم کے ساتھی نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے الیکشن میں سرمایہ کاری کا انکشاف

بھارتی اخبار کی رپورٹ میں تمام تر تفصیلات سامنے آ گئیں

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعہ 22 نومبر 2019 12:26

داؤد ابراہیم کے ساتھی نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے الیکشن میں ..
نئی دہلی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 22 نومبر 2019ء) : بھارت کو انتہائی مطلوب انڈر ورلڈ ڈان داؤد ابراہیم کے ساتھی کی جانب سے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی الیکشن مہم میں سرمایہ کاری اور فنڈنگ کرنے کا انکشاف ہوا ہے۔ تفصیلات کے مطابق بھارتی اخبار دی وائر کی رپورٹ میں کہا گیا کہ بھارت کی حکمران جماعت بھارتیہ جتنا پارٹی پر معروف گینگسٹر داؤد ابراہیم کے ساتھی کی جانب سے الیکشن کے لیے بھاری فنڈنگ وصول کرنے کا الزام عائد ہوا۔

دستاویزات سے انکشاف ہوا کہ آر کے ڈبلیو نامی کمپنی نے بھارتی جنتا پارٹی کو فنڈنگ کی۔ بھارت میں آر کے ڈبلیو مرحوم اقبال میمن عرف اقبال مرچی سے جائیدادیں خریدنے اور ٹرانزیکشن کے لیے جانی جاتی ہے۔ اقبال میمن بھارت میں انتہائی مطلوب اور مافیا کے سرغنہ داؤد ابراہیم کا قریبی ساتھی ہے جو پُراسرار ٹرانزیکشن میں بھی ملوث رہا ہے۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ اس سے قبل یہ خبریں سامنے آئی تھیں کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے لیے حالیہ الیکشن میں فنڈنگ کے لیے کافی دباؤ تھا، تاہم حال ہی میں یہ انکشاف بھی سامنے آیا کہ نریندر مودی کی الیکشن مہم میں 75 فیصد پیسہ بھارت کے ٹاٹا گروپ نے لگایا تھا۔

داؤد ابراہیم کے قریبی ساتھی سے فنڈز لینے کی اس خبر نے بھارت کی حکمران جماعت اور وزیراعظم نریندر مودی کے جرائم کے خلاف بیانات کی قلعی کھولنے اور بی جے پی کی دھوکہ دہی کو بے نقاب کرنے کے لیے کافی ہے۔ یاد رہے کہ بھارت میں داؤد ابراہیم انتہائی مطلوب ہے، بھارت نے کئی مرتبہ داؤد ابراہیم تک پہنچنے کی کوشش کی لیکن ناکام رہا ہے جس کے بعد اپنی ناکامی کو چھُپانے کے لیے بھارت نے الزام عائد کیا کہ داؤد ابراہیم پاکستان کے شہر کراچی میں ہے۔بعد ازاں اقوام متحدہ کی کمیٹی نے کہا کہ بھارت کی جانب سے پاکستان میں انڈرورلڈ ڈان داؤد ابراہیم کی رہائش اور تفریح کے فراہم کیے 9 ایڈریسز میں سے 3 غلط ہیں، جنہیں اقوام متحدہ نے اپنی فہرست سے خارج کر دیا تھا۔