پی ایس ایل 5کے شیڈول کا اعلان،آغاز کراچی سے ہوگا

تمام 34 میچز چار شہروں میں کھیلے جائیں گے، فائنل قذافی سٹیڈیم،لاہور میں ہو گا،لاہور قلندرز8ہوم میچز کھیلے گی

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب بدھ 1 جنوری 2020 15:35

پی ایس ایل 5کے شیڈول کا اعلان،آغاز کراچی سے ہوگا
لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔یکم جنوری2020ء) پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی ) نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل )2020ءکے آغاز سے 50دن قبل لیگ کے شیڈول کا اعلان کردیا ہے اور ایونٹ کا افتتاحی میچ 20فروری کو کراچی جبکہ فائنل کی میزبانی 22مارچ کو قذافی سٹیڈیم ،لاہورمیں کھیلی جائےگی۔پاکستان سپر لیگ 20 فروری سے 22 مارچ تک کھیلی جائے گی اور اس کے تمام 34 میچز کا انعقاد پاکستان کے 4 شہروں میں کیا جائےگا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے اس دن کی مناسبت سے پاکستان کرکٹ کے گڑھ قذافی سٹیڈیم کے داخلی دروازے کے باہر ایک کاﺅنٹ ڈاﺅن گھڑی بھی لگا دی ہے۔پاکستان سپر لیگ کے اگلے ایڈیشن کا پہلا میچ دفاعی چیمپئن کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور دو مرتبہ کی چیمپئن اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیموں کے درمیان کراچی کے نیشنل سٹیڈیم، کراچی میں کھیلا جائےگا۔

(جاری ہے)

ایونٹ کا واحد کوالیفائر نیشنل سٹیڈیم، کراچی میں کھیلا جائےگا جبکہ دونوں ایلیمنیٹرز اور فائنل کی میزبانی لاہور کے قذافی سٹیڈیم کے سپرد کی گئی ہے۔

ایونٹ کے 34 میچوں میں سے لاہور کا قذافی سٹیڈیم 14، کراچی کا نیشنل سٹیڈیم 9، راولپنڈی کا پنڈی کرکٹ سٹیڈیم 8 اور ملتان کرکٹ سٹیڈیم 3 میچوں کی میزبانی کرےگا۔شیڈول کے مطابق دفاعی چیمپئن کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اپنے 4 میچز کراچی، 3 لاہور 2 راولپنڈی اور 1 ملتان میں کھیلے گی جبکہ 2017ءکی چیمپئن پشاور زلمی آئندہ ایڈیشن میں اپنے 5 میچز راولپنڈی،3 کراچی جبکہ 1،1 لاہور اور ملتان میں کھیلے گی۔

پی ایس ایل 2020 ءمیں اسلام آباد یونائیٹڈ اپنے 5 میچز راولپنڈی، 3 لاہور اور 2 کراچی میں کھیلے گی جبکہ کراچی کنگز اپنے ہوم گراﺅنڈ کراچی میں 5 جبکہ دو، دو میچز لاہور اور راولپنڈی اور ایک ملتان میں کھیلے گی۔لیگ کے پانچویں ایڈیشن میں ملتان سلطانز اپنے 5 میچز لاہور، 3 ملتان جبکہ 1،1 راولپنڈی اور کراچی میں کھیلے گی۔لاہور قلندرز کی ٹیم اس معاملے میں سب سے خوش قسمت ثابت ہوئی ہے جو اپنے 8 میچز ہوم گراﺅنڈ یعنی قذافی سٹیڈیم جبکہ 1،1 کراچی اور راولپنڈی میں کھیلے گی۔