صدر آزاد کشمیر سردار مسعود خان کا وادی نیلم میں برف باری اور بارش سے پانچ انسانی جانوں کے ضیاع پر اظہار افسوس

پیر 13 جنوری 2020 19:41

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 جنوری2020ء) آزاد جموں و کشمیر کے صدر سردار مسعود خان نے وادی نیلم میں برف باری اور بارش سے پانچ انسانی جانوں کے ضیاع و وادی نیلم سمیت دیگر علاقوں میں مالی نقصانات پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔ پیر کو اپنے ایک بیان میں صدر آزاد کشمیر نے وادی نیلم کے کیل کنڈیاں بیلا میں برفانی تودے کی زد میں آ کر تین رہائشی مکانات کے تباہ ہونے اور دو خواتین سمیت ایک ہی خاندان کے تین افراد کے جان بحق ہونے کے واقعہ پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے سوگوار خاندان سے تعزیت اور جاں بحق ہونے والوں کے لیے مغفرت کی دعا کی۔

صدر آزاد کشمیر نے وادی نیلم کے ایک اور علاقے لوات بالا میں سکول جانے والے چار بچوں کے برفانی تودے کے نیچے د ب جانے کے واقعہ پر گہر ے افسوس کا اظہار کیا۔

(جاری ہے)

لوات کے افسوسناک واقعہ میں ایک بچی جاں بحق اور تین بچے شدید زخمی ہوئے ہیں۔ صدر آزاد کشمیر نے انتظامیہ اور محکمہ صحت کے ذمہ داران کو ہدایت کی ہے کہ بارش اور برف سے متاثر ہونے والے شہریوں کو تمام ممکنہ امداد اور طبی سہولتیں فراہم کی جائیں۔

انہوں نے کہا کہ موسمی حالات کی وجہ سے خطرات سے دو چار آبادی کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے اور شہریوں کی جان و مال کی حفاظت کے لیے ہر ممکن پیشگی اقدامات کیے جائیں۔ صدر آزاد کشمیر نے ریڈ کریسنٹ سوسائٹی اور دیگر سماجی تنظیموں سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ برف باری اور بارشوں سے شہریوں کو لاحق خطرات سے نمٹنے کے لیے حکومتی اداروں سے مل کر اقدامات کریں۔