وفاقی کابینہ نے پاک سعودیہ ایئرسروسزکے معاہدے کی منظوری دے دی

معاہدے کےتحت ایئرلائنز لینڈنگ کے بغیرایئرسپیس استعمال کرسکیں گی، نامزد ایئرلائنز دنیا بھرکیلئے کارگو اور ڈاک کی ترسیل کرسکیں گی، دونوں ملکوں کی سیاحت اور روزگار کو فروغ ملے گا۔ وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ منگل 14 جنوری 2020 16:59

وفاقی کابینہ نے پاک سعودیہ ایئرسروسزکے معاہدے کی منظوری دے دی
اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔14 جنوری 2020ء) وفاقی کابینہ نے پاک سعودیہ ایئرسروسزکے معاہدے کی منظوری دے دی۔معاہدے کے تحت ایئرلائنز لینڈنگ کے بغیر ایئرسپیس استعمال کرسکیں گی،نامزد ایئرلائنز دنیا بھر کیلئے کارگواورڈاک کی ترسیل کرسکیں گی، دونوں ملکوں کی سیاحت اور روزگار کو فروغ ملے گا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا، اجلاس میں 16 نکاتی ایجنڈے کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں ملک کی معاشی، سیاسی صورتحال اور امریکا ایران تنازع پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس میں کابینہ نے پاک سعودیہ ایئرسروسزکے معاہدہ کی منظوری دے دی ہے۔ معاہدے کے تحت پاکستان میں سعودی ایئرلائنز کو تمام ایئرپورٹس تک رسائی حاصل ہوگی۔

(جاری ہے)

جبکہ سعودی عرب میں پاکستانی ایئرلائنز کو تمام عالمی ایئرپورٹس تک رسائی حاصل ہوگی۔ معاہدے کے تحت پاکستان اور سعودی عرب کو دنیا بھر سے مسافروں کو لانے اور لے جانے کی اجازت ہوگی۔

نامزدہ کردہ ایئرلائنز لینڈنگ کے بغیر ایئرسپیس استعمال کرسکیں گے۔نامزد ایئرلائنز دنیا بھر کیلئے کارگواورڈاک کی ترسیل بھی کرسکیں گی۔نئے معاہدے سے دونوں ملکوں کی سیاحت کو فروغ ملے گا اور روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔بتایا گیا ہے کہ سعودی سپریم کوآرڈینیشن کونسل کے اجلاس کے دوران معاہدے پر دستخط کیے جائیں گے۔اسی طرح اجلاس میں وفاقی کابینہ کو فلور ایکٹ 2012 پر بریفنگ دی گئی۔

کابینہ اجلاس میں ہومیوپیتھک کالجز کے خلاف شکایات کے معاملہ کا جائزہ بھی لیا گیا۔ وزارت صحت میں اصلاحات سے متعلق بھی کابینہ کو بریفنگ دی گئی۔ اجلاس میں کابینہ نے کراچی، پشاور، لاہور اور ملتان میں کثیرالمنزلہ عمارتوں سے متعلق پالیسی کی منظوری بھی دے دی ہے۔ کابینہ نے بینکنگ کورٹ لاہور کے جج کی تقرری اور ایئرسیال کیلئے سیکیورٹی ڈپازٹ پالیسی کی منظوری بھی دے دی ہے۔