صوبہ ہزارہ تحریک کل کراچی کے ہزارے وال علاقہ میں بھرپور طاقت کا مظاہرہ کرے گی

چیئرمین صوبہ ہزارہ تحریک سردار محمد یوسف ہزارہ کنونشن سے اپنے آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے، حافظ سجاد قمر

ہفتہ 18 جنوری 2020 14:51

ایبٹ آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 جنوری2020ء) صوبہ ہزارہ تحریک کل اتوار کو کراچی کے ہزارے وال علاقہ میں بھرپور طاقت کا مظاہرہ کرے گی، ہزارہ صوبہ کے قیام کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا، صوبہ کیلئے ہزارہ کے نوجوانوں نے اپنے خون کا نذرانہ پیش کیا ہے، ہم صوبہ کی قطعاً لسانی بنیادوں پر تقسیم نہیں چاہتے، چھوٹے یونٹس سے مسائل گھمبیر ہونے کی بجائے حل ہوتے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار صوبہ ہزارہ تحریک کے مرکزی میڈیا کوآرڈینیٹر پروفیسر حافظ سجاد قمر نے کراچی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر صوبہ ہزارہ تحریک کراچی کے کوآرڈینیٹر ماسٹر منید احمد، اصغر علی گجر اور رضوان احمد بھی موجود تھے۔ پروفیسر حافظ سجاد قمر نے کہا کہ ہم نئے یونٹس کی بھرپور حمایت کرتے ہیں تاہم یہ لسانی بنیادوں پر نہیں ہونے چاہئیں، ملک میں جب نئے صوبوں پر کام ہو گا تو سب سے پہلے صوبہ ہزارہ معرض وجود میں آئے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ چیئرمین صوبہ ہزارہ تحریک سردار محمد یوسف کراچی میں منعقدہ ہزارہ کنونشن سے اپنا آئندہ کا لائحہ عمل پیش کریں گے۔ اس موقع پر سابق ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی مرتضیٰ جاوید عباسی، جمعیت علماء اسلام کے مرکزی رہنما سینیٹر طلحہ محمود، رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر سجاد اعوان، تحریک انصاف کے رہنما ڈاکٹر اظہر جدون، جماعت اسلامی کے مرکزی رہنما عبدالرزاق عباسی، رکن قومی اسمبلی ملک آفرین خان، رکن صوبائی اسمبلی نوابزادہ فرید، تحریک انصاف کے رہنما سابق وزیر زرگل خان، بابا حیدر زمان کے بھائی اور تحریک صوبہ ہزارہ کے صدر سردار گوہر زمان سمیت ہزارہ سے تعلق رکھنے والے پارلیمنٹیرینز اور رہنما خطاب کریں گے۔