وزیراعظم عمران خان کا دل بلوچستان کے ساتھ دھڑکتا ہے ، بلوچستان کی ترقی دراصل پاکستان کی ترقی ہے،

امریکہ کے صدر ٹرمپ کی مسئلہ کشمیر پربار بار ثالثی کی پیشکش پاکستان کی کامیاب سفارتکاری کی طرف اہم پیش رفت ہے ، موثر خارجہ پالیسی کی بدولت دنیا اس حقیقت سے آگاہ ہوچکی ہے کہ مسئلہ کشمیر تصفیہ طلب اور متنازع مسئلہ ہے اور عالمی سطح پر اس مسئلہ کو حل کرنے کے لیے مذاکرات کے علاوہ کوئی راستہ نہیں ہے، ڈیووس میں وزیراعظم عمران خان اور صدر ٹرمپ کی ملاقات میں دوطرفہ تعلقات کے حوالے سے ایک نئی جہت اور عزم نظر آیا ، وزیراعظم عمران خان دنیا بھر کے رہنمائوں سے اپنی ملاقاتوں میں امداد کے بجائے باہمی تجارت کے فروغ کی بات کررہے ہیں ، وزیراعظم دنیابھر کے رہنمائوں سے ملاقاتوں میں پاکستان کا درخشاں اور روشن چہرہ پیش کررہے ہیں وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ونشریات ڈاکٹر فرودس عاشق اعوان کی کوئٹہ ائیرپورٹ پر صحافیوں سے گفتگو

بدھ 22 جنوری 2020 18:34

وزیراعظم عمران خان کا دل بلوچستان کے ساتھ دھڑکتا ہے ، بلوچستان کی ترقی ..
کوئٹہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 جنوری2020ء) وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ونشریات ڈاکٹر فرودس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کا دل بلوچستان کے ساتھ دھڑکتا ہے کیونکہ بلوچستان کی ترقی دراصل پاکستان کی ترقی ہے، وہ وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر بلوچستان کے موسم سے متاثرہ لوگوں کی داد رسی کے لیے کوئٹہ پہنچی ہیں، امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے مسئلہ کشمیر پربار بار ثالثی کی پیشکش پاکستان کی کامیاب سفارت کاری کی طرف اہم پیش رفت ہے، موثر خارجہ پالیسی کی بدولت دنیا اس حقیقت سے آگاہ ہوچکی ہے کہ مسئلہ کشمیر تصفیہ طلب تنازع ہے اور عالمی سطح پر اس کو حل کرنے کے لیے مذاکرات کے علاوہ کوئی راستہ نہیں ہے۔

ان خیالات کااظہار انہوں نے جمعرات کو کوئٹہ ائرپورٹ پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ڈپٹی اسپیکر بلوچستان اسمبلی سردار بابر خان موسیٰ خیل ، پاکستان تحریک انصاف کے رکن بلوچستان اسمبلی مبین خان خلجی، ترجمان حکومت بلوچستان لیاقت شاہوانی اور پاکستان تحریک انصاف کے رہنمائوں سردار خان رند ،آصف ترین،سردار خادم حسین وردگ ،ادریس بڑیچ، ملک عادل خان بازئی اور دیگر بھی موجود تھے ۔

وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ونشریات ڈاکٹر فرودس عاشق اعوان نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کا دل بلوچستان کے عوام کے ساتھ دھڑکتا ہے جنہوں نے ہمیشہ بلوچستان کو ایک قدرتی وسائل سے مالامال صوبہ سمجھتے ہوئے اس کو کلیدی پارٹنر اور اپنے وجود کے اہم حصے کے طور پرسمجھا ہے اس لیے وزیراعظم عمران خان بلوچستان کی ترقی کو ہمیشہ پاکستان کی ترقی سے جوڑتے ہیں کیونکہ اس میں کوئی شک نہیں کہ بلوچستان کی ترقی دراصل پاکستان کی ہی ترقی ہے، معاون خصوصی برائے اطلاعات ونشریات ڈاکٹر فرودوس عاشق اعوان نے کہا کہ بلوچستان میں حالیہ برف باری اور بارشوں سے قیمتی جانیں ضائع ہوئیں اور بہت سے افراد زخمی ہوئے جن میں ہماری بے شمار بہنیں اور بچے بھی شامل ہیں، انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت نے صوبے کے کم وسائل کی وجہ سے بروقت ریلیف دستیاب نہ ہونے پراین ڈی ایم اے کو متحرک کردیا اور این ڈی ایم اے نے صوبائی حکومت سے ملکر بروقت کارروائیوں سے کئی انسانی جانوں کو بچانے اور زخمیوںکو بروقت طبی امداد فراہم کرنے کے لیے اپنا موثر کردار ادا کیا ہے۔

اس سلسلے میں آج وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر چیئرمین این ڈی ایم اے نے جس پیکج کا اعلان کیاتھا اس پر عملدرآمد کے حوالے سے صوبائی حکومت کے ساتھ مشاورت کی جائیگی تاکہ اس کو حتمی شکل دی جاسکے اور برف باری اور بارشوں سے ہونے والے نقصانات کے ساتھ ساتھ تباہ ہونے والے انفراسٹرکچر کی بحالی کے لیے این ڈی ایم اے اور وفاقی حکومت کے کردار کو آگے بڑھانے کے ساتھ صوبائی حکومت کی باقی ضروریات کا احاطہ کرینگے چونکہ بحیثیت معاون پہلی بار کوئٹہ آئی ہوں اس لیے یہاں کے مقامی میڈیا کے مسائل کو سننے کے لیے میڈیا ورکرز کے ساتھ کوئٹہ پریس کلب میں تفصیلی سیشن ہوگا۔

انہوں نے کہاکہ بلوچستان کے عوام کے لیے ایک ہی پیغام لے کر آئی ہوں کہ وزیراعظم عمران خان ڈیووس میں ہیں اور وہاں امریکی صدر ڈونلڈٹرمپ کے ساتھ ہونے والی ملاقات میں ایک دفعہ پھر صدر ٹرمپ کا پاکستان اور بھارت کے درمیان ثالثی کا کردار ادا کرنے کے لیے اپنے آپ کو پیش کرنا اس بات کی غمازی اور اشارہ کرتا ہے کہ مسئلہ کشمیر کے حوالے سے وزیراعظم عمران خان نے مسئلہ کشمیر کے حوالے سے دنیا کو جس طرح جگایا ہے ان کے ضمیر کو جھنجھوڑا ہے۔

وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ونشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ بھارت اپنے جبراور ریاستی دہشتگردی کے باوجود کشمیریوں کی آواز کو دبانے میں ناکام رہا ہے اور وزیراعظم عمران خان نے کشمیریوں کی آواز بن کرہر بین الاقوامی فورم پرکشمیریوں کا مقدمہ احسن انداز میں لڑا ہے۔ وزیراعظم عمران خان کی ڈیووس میں عالمی اقتصادی فورم پر امریکی صدر سے ملاقات انتہائی کامیاب رہی اورڈیووس میں امریکی صد رٹرمپ کے ساتھ ملاقات میں دوطرفہ تعلقات کے حوالے سے ایک نئی جہت اور عزم نظر آیا ۔

وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ونشریات ڈاکٹر فرودوس عاشق اعوان نے بلوچستان میں صحافیوں کے کردار کوخراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہاکہ بلوچستان کے اندر مشکل حالات میں صحافیوں نے جس طرح اپنی جانوں کو ہتھیلی پر رکھ کر کردار ادا کیا ہے اور صوبے میں امن کی شمع کو روشن کرنے کے لیے اپنے خون سے دیئے جلائے ہیں ہم اسے قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں اور کوئٹہ پریس کلب کے دورے کے موقع پر صحافی برادری سے تفصیلی ملاقات اور ان کے مسائل جاننے کا موقع ملے گا۔