گوادر بندرگاہ کی فعالی سے بلوچستان اور ملک کی ترقی پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے، وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار

بدھ 22 جنوری 2020 22:35

کوئٹہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 جنوری2020ء) وزیراعلیٰ پنجاب سردار محمد عثمان بزدار نے کہا ہے کہ پاکستان کی معاشی اور اقتصادی ترقی اور خطے میں تجارتی سرگرمیوں میں گوادر بندرگاہ اہم کردار کی حامل ہے جبکہ سی پیک کی بنیاد بھی گوادر ہے، گوادر بندرگاہ کی فعالی سے بلوچستان اور ملک کی مجموعی ترقی پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے، ان خیالات کااظہار انہوں نے وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان کے ہمراہ گوادر بندرگاہ کے دورے پر دی جانے والی بریفنگ کے دوران کیا۔

(جاری ہے)

ایڈیشنل چیف سیکریٹری منصوبہ بندی وترقیات عبدالرحمن بزدار اور چیئرمین گوادر پورٹ اتھارٹی نصیر کاشانی کی جانب سے وزراء اعلیٰ کو گوادر بندرگاہ اور گوادر کے ترقیاتی منصوبوں کے بارے میں بریفنگ دی گئی، اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے کہا کہ گوادر بین الاقوامی شہر بننے جارہا ہے، گوادر پورٹ کی فعالیت سے ملک کی درآمد وبرآمد اور تجارت کو فروغ ملے گا جس کے ملکی معیشت پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے، بریفنگ میں بتایا گیا کہ گوادر ماسٹر پلان پر عملدرآمد کا آغاز کردیا گیا ہے اور سی پیک میں شامل تمام منصوبوں کی تیزی سے تکمیل کی جارہی ہے، گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ 2022ء میں مکمل ہوجائے گا جبکہ گوادر بندرگاہ سے افغان ٹرانزٹ ٹریڈ اور ایل پی جی کی درآمد کا آغاز ہوچکا ہے اور گوادر بندرگاہ پر جہازوں کی آمدورفت بھرپور طریقے سے جاری ہے، بریفنگ میں بتایا گیا کہ بندرگاہ پر 50فیصد تربیت یافتہ عملہ 95فیصد لیبر ہوگی جس میں مقامی لوگوں کو ترجیح دی جارہی ہے، گوادر میں اعلیٰ تعلیمی اداروں کا قیام اور انفراسٹرکچر کو بہتر بنایا جارہا ہے، وزیراعلیٰ پنجاب نے گوادر کی ترقی کے منصوبوں اور بندرگاہ کی فعالیت پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے یقین ظاہر کیا کہ گوادر کی ترقی کے ثمرات جلد سامنے آنا شروع ہوجائیں گے۔