شارجہ میں مچھلی کے شکار کے لیے فیس میں اضافہ کر دیا گیا

انفرادی پرمٹ کے لیے سالانہ فیس 250درہم، ماہانہ فیس 100جبکہ فیملی پرمٹ کے لیے سالانہ فیس 400 درہم اور ماہانہ فیس 150 درہم مقرر کی گئی ہے

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعہ 24 جنوری 2020 12:49

شارجہ میں مچھلی کے شکار کے لیے فیس میں اضافہ کر دیا گیا
شارجہ (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 24جنوری 2020ء) شارجہ میں مچھلی کے شکار کے لیے فیسوں میں اضافہ کر دیا گیا ہے۔ شارجہ کے ولی عہد اور نائب حکمران شیخ سلطان بن محمد بن سلطان القاسمی کی زیر صدارت کابینہ کے اجلاس میں مختلف معاملات زیر بحث آئے، جس دوران بہت سے فیصلے لیے گئے۔ مچھلی کے شکار کے حوالے سے یہ فیصلہ لیا گیا ہے کہ انفرادی پرمٹ کے لیے ہفتہ وار فیس 30 درہم، ماہانہ فیس 100 درہم، جبکہ سال بھر کے لیے فیس 250 درہم ہو گی۔

مچھلی کے شکار کے لیے ایک ہفتے کا فیملی پرمٹ 50 درہم کے عوض فراہم کیا جائے گا، جبکہ ماہانہ فیس 150 درہم اور سالانہ فیس 400 درہم ہو گی۔ کابینہ کی جانب سے اس حوالے سے مسودے کی منظوری دے دی گئی ہے۔ مچھلی کے شکار کی خاطر جو شرائط مقرر کی گئی ہیں اس کی رُو سے پرمٹ حاصل کرنا اولین شرط ہو گی۔

(جاری ہے)

شکار کا یہ پرمٹ صرف انہی لوگوں کو دیا جائے گا جو متحدہ عرب امارات کے شہری ہوں گے یا پھر تارکین وطن ہونے کی صورت میں ان کے پاس کارآمد مُدت کا رہائشی اقامہ موجود ہو گا۔

اماراتی ساحلوں پر مچھلیوں کا شکار کرنے والے کسی بھی شخص کو اجازت نہیں ہو گی کہ وہ تفریح کے بعد کچرے کو ساحل پر ہی چھوڑ جائیں یا ساحل کو آلودہ کرنے والی دیگر سرگرمیوں کا ارتکاب کریں۔ بار بی کیو یا دیگر تفریحی سرگرمیوں کے بعد ہر شخص کی ذمہ داری ہو گی کہ وہ وہاں موجود کوڑا کرکٹ مخصوص کوڑے دانوں میں منتقل کرے۔ اگر کوئی شخص صفائی ستھرائی سے متعلق ضوابط کی خلاف ورزی کا مرتکب پایا گیا تو اس کا مچھلی کے شکار سے متعلق پرمٹ منسوخ بھی کیا جا سکتا ہے اس کے علاوہ اُس پر عوامی مقامات پر گندگی پھیلانے کے جُرم میں بھی جرمانہ عائد کیا جائے گا۔