وزیر اعظم کی سی پیک منصوبوں پر کام کی رفتار تیز کرنے کی ہدایت

غربت کے خاتمے اور زراعت کے فروغ میں چین کے تجربات سے استفادہ کیا جائے. عمران خان

Mian Nadeem میاں محمد ندیم منگل 28 جنوری 2020 21:03

وزیر اعظم کی سی پیک منصوبوں پر کام کی رفتار تیز کرنے کی ہدایت
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔28 جنوری۔2020ء) وزیر اعظم عمران خان نے سی پیک منصوبوں پر ترجیحی بنیادوں پر کام کی رفتار تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ غربت کے خاتمے اور زراعت کے فروغ میں چین کے تجربے سے استفادہ کیا جائے وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت چین پاکستان اقتصادی راہداری کے تحت مختلف منصوبوں پر پیش رفت کے حوالے سے اعلی سطح کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا.اجلاس میں وزیر برائے اقتصادی امور حماد اظہر، وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر، مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ، وزیر بحری امور علی زیدی، چیئرمین سی پیک اتھارٹی لیفٹیننٹ جنرل (ر) عاصم سلیم باجوہ، چیئرمین نیا پاکستان ہاﺅسنگ پروگرام لیفٹیننٹ جنرل (ر) انور علی حیدر اور سینئر افسران شریک تھے.

وزیراعظم کو پاک چین اقتصادی راہداری کے تحت مرحلہ وار قلیل مدتی، وسط مدتی اور طویل مدتی منصوبوں پر پیش رفت کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔

(جاری ہے)

اجلاس کے شرکا اور سی پیک کے پہلے مرحلے میں توانائی، روڈ نیٹ ورک، ریل نیٹ ورک، گوادر پورٹ اور دوسرے مرحلے میں صنعتی تعاون، زراعت کے فروغ، سماجی و اقتصادی ترقی، سیاحت اور دیگر منصوبوں کے حوالے سے آگاہ کیا گیا.

نجی ٹی وی کے مطابق اجلاس کو بتایا گیا کہ سی پیک کے پہلے مرحلے میں توانائی اور سڑکوں کے بیشتر منصوبے مکمل ہو چکے ہیں، گوادر بندرگاہ اور ایئر پورٹ پر کام مرحلہ وار طریقے سے جاری ہے، اورنج لائن منصوبہ مکمل ہوچکا ہے جبکہ کوئٹہ ریلوے کی فزیبلٹی کے حوالے سے مشاورت جاری ہے. اجلاس کو بریفنگ دی گئی کہ وزیراعظم نے علامہ اقبال اسپیشل اکنامک زون کا حال ہی میں سنگ بنیاد رکھ دیا ہے، رشکئی اسپیشل اکنامک زون کا سنگ بنیاد فروری میں متوقع ہے جبکہ دھابیجی اکنامک زون کی بڈنگ کا عمل جلد مکمل کرلیا جائے گا.اجلاس میں سی پیک فیز ٹو کے حوالے سے سماجی و معاشی ترقی کے ضمن میں تعلیم، صحت، کم آمدنی والے افراد کے لیے ہاﺅسنگ، غربت کے خاتمے، احساس پاور ٹی گریجویشن پروگرام اور غذائی کمی و اسٹنٹنگ کے خاتمے کے ضمن میں مجوزہ منصوبوں کے حوالے سے مختلف تجاویز کا جائزہ لیا گیا.اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ سی پیک کے تحت جاری منصوبوں کی جلد تکمیل اور مستقبل کے منصوبوں کے حوالے سے مشاورتی عمل کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جائے، چین نے مشکل حالات میں پاکستان کی مدد کی ہے، سی پیک منصوبہ ہمہ جہتی پاک چین تعلقات کا مظہر ہے، مختلف شعبوں خصوصاً غربت کے خاتمے اور زراعت جیسے شعبوں کے فروغ کے ضمن میں چین کے تجربے سے مکمل طور پر استفادے کی ضرورت ہے.

وزیراعظم نے سی پیک اتھارٹی کو سی پیک کے دوسرے مرحلے کے تحت مختلف منصوبوں پر ترجیحی بنیادوں پر عمل درآمد کی رفتار تیز کرنے کی ہدایات دیں اور سماجی و معاشی ترقی کے حوالے سے منصوبوں کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کرنے پر زور دیا.عمران خان نے تمام متعلقہ وزارتوں کو منصوبوں کی تکمیلی مدت کے اہداف متعین کرنے، بین الوزارتی کوآرڈی نیشن کو مزید موثر بنانے کے حوالے سے ہدایات جاری کیں اور کہا کہ سی پیک فیز ٹو پر عمل درآمد کے حوالے سے آئندہ جائزہ اجلاس میں بریفنگ دی جائے، متعین کردہ اہداف، منصوبوں پر عمل درآمد میں پیش آنے والی رکاوٹوں کو دور کرنے اور مستقبل کے لائحہ عمل کی مکمل معلومات فراہم کی جائے.