کرپٹ مافیا حکومت کو گرانے کی کوشش کررہا ہے، عمران خان

اپوزیشن خوفزدہ ہے اگر ہم کامیاب ہوئے تو ان کی سیاسی موت ہوجائےگی، ملک میں حقیقی اپوزیشن ہوتی توحکومتی اقدامات کو سراہتی، حکومت معاشی بحران سے باہر نکل آئی ہے۔ وزیراعظم عمران خان کا ترک خبرایجنسی انٹرویو

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ ہفتہ 1 فروری 2020 19:58

کرپٹ مافیا حکومت کو گرانے کی کوشش کررہا ہے، عمران خان
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ یکم فروری 2020ء) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ کرپٹ مافیا حکومت کو گرانے کی کوشش کررہا ہے، اپوزیشن خوفزدہ ہے اگر ہم کامیاب ہوگئے تو ان کی سیاسی موت ہوجائے گی، ملک میں حقیقی اپوزیشن ہوتی توحکومتی اقدامات کو سراہتی، حکومت معاشی بحران سے باہر نکل آئی ہے۔ انہوں نے ترک خبرایجنسی کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ کشمیرکے حق میں آوازاٹھانے پر ترکی کا شکرگزار ہوں۔

ترک صدر فروری میں پاکستان آئیں گے۔ ترک صدر کے ہمراہ سرمایہ کار اور کاروباری افراد بھی ہوں گے۔ پاکستان ترکی کو سی پیک میں شامل کرنے کیلئے پرامید ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ امید ہے کہ چین کروناوائرس پر قابوپانے میں کامیاب ہوجائے گا۔ پاکستان چین کیلئے دعا گو ہے، چین کیلئے پاکستان جو بھی کرسکتا ہے کررہا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اقتدار میں آئے تو کرنٹ اکاؤنٹ خسارے کا سامنا تھا، ہمیں معیشت کو مستحکم کرنے کیلئے کئی اقدامات اٹھانا پڑے۔

حکومت کو جو بحران ملا، اس سے باہر نکل چکے ہیں۔ مہنگائی کم کرکے ترقی کی جانب گامزن ہوجائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو ملائیشیاء جیسے حالات کا سامنا ہے۔ مہاتیر محمد اقتدار میں آئے تو بڑے خسارے کا سامنا تھا۔ ملائیشیا میں بھی معاشی بحران کی وجہ اشرافیہ کی کرپشن تھی۔ ملائیشیا کا مسئلہ اتنا گھمبیر نہیں تھا جتنا پاکستان کا مسئلہ گھمبیر ہے۔

کرپٹ مافیا حکومت کو گرانے کی کوشش کررہا ہے۔ ملک میں حقیقی اپوزیشن ہوتی توحکومتی اقدامات کو سراہتی۔ اپوزیشن خوفزدہ ہے اگر ہم کامیاب ہوگئے تو ان کی سیاسی موت ہوجائے گی۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ چار سال میں 10ارب درخت لگائیں گے۔ آئندہ 10سالوں میں 40 فیصد متبادل ذرائع سے توانائی کے حصول کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت پر فاشسٹ تنظیم آر ایس ایس کی آئیڈیالوجی کا قبضہ ہوچکا ہے، آرایس ایس تنظیم جرمن نازیوں کی طرح ہندوتوا نظریے پر چل رہی ہے۔

بھارت میں مسلمانوں پر تشدد میں اضافہ ہوا ہے۔ بھارت کا 5 اگست کا اقدام اقوام متحدہ کی قراردادوں کی خلاف ورزی ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمارا یقین ہے جنگ سے کوئی مسئلہ حل نہیں ہوتا، ہم ایران سعودی عرب کے درمیان جنگ نہیں دیکھنا چاہتے ، جنگ سے سب کا نقصان ہوتا ہے۔