ملک بھر کی طرح راولپنڈی میں بھی یوم یکجہتی کشمیر بھرپور طریقے سے منایا جائیگا

5 فروری کو عوامی مسلم لیگ کا لال حویلی کے باہردن 2 بجے تاریخی جلسہ عام ہوگا

ہفتہ 1 فروری 2020 23:48

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 01 فروری2020ء) ملک بھر کی طرح راولپنڈی میں بھی یوم یکجہتی کشمیر بھرپور طریقے سے منایا جائیگا،5 فروری کو عوامی مسلم لیگ کے زیراہتمام لال حویلی کے باہردن 2 بجے تاریخی جلسہ عام ہوگا جس سے وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار اور عوامی مسلم لیگ کے سربراہ ریلوے کے وفاقی وزیر شیخ رشید احمد خطاب کریں گے اس سلسلے میں بھرپور طریقے اور زور و شور سے تیاریاں جاری ہیں۔

شہر بھر میںیوم یکجہتی کشمیر اور جلسے سے متعلق وزیراعظم عمران خان، وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار اوروفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کی تصاویر پر مشتمل بڑے بڑے بینرز اور پینا فلیکس بورڈز آویزاں کردئیے گئے ہیں۔راولپنڈی شہر کی46 یونین کونسلوں جبکہ راولپنڈی کینٹ اور چکلالہ کینٹ کے مختلف وارڈوں سے سینکڑوں جلوس لال حویلی پہنچیں گے۔

(جاری ہے)

رکن قومی اسمبلی شیخ راشد شفیق کے مطابق حلقہ این اے 60 اور این ای62 کی تمام یونین کونسلوں میں معززین علاقہ اور پارٹی عہدہداروں سے رابطے مکمل کرلیئے گئے ہیں،اہل وطن سیاسی و سماجی وابستگی سے بالاتر ہوکر پانچ فروری کو یوم یکجہتی کشمیر بھرپور انداز سے منائیں گے ، ملک بھر کی طرح لال حویلی کے عظیم الشان اجتماع سے عالمی برادری کو پیغام جائے کہ پوری پاکستانی قوم کشمیر پر متحد اور یکجان ہے۔

وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ لال حویلی اور لال چوک کا گہرا رشتہ ہے۔ بھارتی مسلمان پاکستان کی طرف دیکھ رہے ہیں ،عمران خان نے کشمیر کا زوردار مقدمہ لڑا ،کشمیر سے متعلق عمران خان کا وہی فیصلہ ہوگا جو کشمیریوں کا فیصلہ ہے، لال حویلی میں جلسے کی تیاریوں سے متعلق بریفنگ کے بعد بات چیت کرتے ہوئے شیخ رشید احمد نے کہا کہ ہٹلر مودی نے لمحہ فکریہ پیدا کردیاہے ، لداخ کی حساسیت سے دنیا واقف ہے ، بھارت سے مذاکرات کے تمام درروازے بند ہو چکے ہیں ، مودی نے بہت بلنڈر کیا اور اس نے اپنے آپ کو پھنسا لیا ہے ،اس نے سیکولر ازم، اپنے آئین او رجمہوریت پر بدنما داغ لگایا ہے ،یہ اچھی بات ہے کہ امریکہ کشمیر سے متعلق اچھی رائے قائم کر رہا ہے ،کشمیر کے بارے میں کوئی غلط اندازہ نہ لگائے کیونکہ وہ نہ بوسنیا ہے اور نہ فلسطین ہے۔

انہوں نے کہا کہ آج پوری دنیا کشمیر کے ساتھ کھڑی ہے اور میڈیا نے بھی کشمیر کا مقدمہ بھرپور طریقے سے پیش کیا۔ادھر معلوم ہوا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان بھی 5 فروری کو میرپور جبکہ عوامی مسلم لیگ کے سربراہ وفاقی وزیر ریلوی شیخ رشید لال حویلی میں یوم یکجہتی کے جلسوں سے خطاب کریں گے۔ دریں اثناء لال حویلی کے باہر 5 فروری کو یوم یکجہتی کشمیر کے جلسہ کی تیاریوں کے سلسلے میں عوامی مسلم لیگ کے راہنما احسن خان کی زیرصدارت بازار تلواڑاں میں چھابہ یونین اور محنت کش و مزدورتنظیموں کا ایک اجلاس منعقد ہوا جس میں فیصلہ کیا گیا کہ شہر کے دل فوارہ چوک کے پانچوں بڑے بازاروں راجہ بازار،گنج منڈی،سٹی صدر روڈ،لیاقت روڈ،ٹرمک بازارکے ملحقہ بازاروں باڑہ مارکیٹ،اقبال روڈ،ٹرنک بازار،بازار تلواڑاں،سبزی منڈی اور نمک منڈی سمیت شہر کی مختلف مارکیٹوں سے جلوس لال حویلی کے باہر پہنچیں گے اور یکجہتی کشمیر پر پورا ملک بحیثیت متحد قوم ثابت کردیگا کہ ہم وزیراعظم عمران خان،شیخ رشید احمد اور کشمیری عوام کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں،انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان کی کوششوں سے پانچ ماہ کے مختصر عرصے میں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا اجلاس دوبارہ منعقد ہونا بڑی سفارتی کامیابی ہے جبکہ بھارت میں متنازعہ شہریت بل کی وجہ سے اقلیتوں کے مظاہروں کے باعث مودی سرکارکا مکروہ چہرہ دنیا بھر کے سامنے بے نقاب ہو چکا ہے۔

احسن خان نے کہا کہ ہندو بالادستی کی خواہاں فاشسٹ مودی سرکار کو سمجھنا چاہیے کہ جب کوئی قوم آزادی کیلئے یکجا ہوکر موت کے خوف سے چھٹکارا پالے تو کوئی قوت اسے اپنی منزل تک پہنچنے سے نہیں روک سکتی۔انہوں نے کہا کشمیری بھارت کے خلاف اٹھ کھڑے ہوئے ہیں بھارت کا کوئی بھی قدم انہیں اپنے حق خودارادیت سے نہیں روک سکتا۔انہوں نے کہا کہ بھارتی وزیراعظم مودی کی ایما پر بھارتی فوج کے آرمی چیف نے ایل او سی پر کشیدگی بڑھانے کا بیان دیکر پورے خطے کو عدم استحکام کی جانب دھکیل دیا ہے۔

موجودہ حالات کے تناظر میں بھارت اپنے داخلی انتشار سے توجہ ہٹانے کیلئے کشیدگی بڑھانے جیسے بیانات کے ذریعے متنازعہ شہریت بل سے بین االاقوامی توجہ ہٹانے کی کوشش کر رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ دفاع وطن کیلیے پوری قوم اپنی بہادر مسلح افواج کی پشت پر ہے اگر بھارت نے کسی قسم کا مس ایڈونچر کی کوشش کی تو اسے بھرپور اور کرارا جواب ملے گا۔