کشمیر بنے گا پاکستان آل سندھ انٹر کالجز سائیکل ریس گورنمنٹ اکنامکس کالج کے شمشون نے جیت لی

جمعرات 6 فروری 2020 21:53

کشمیر بنے گا پاکستان آل سندھ انٹر کالجز سائیکل ریس گورنمنٹ اکنامکس ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 فروری2020ء) کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کرنے کیلئے ڈائریکٹوریٹ آف کالجز حکومت سندھ کے زیر اہتمام اور سندھ سائیکلنگ ایسوسی ایشن کے جنرل سیکریٹری ملک کلیم احمد اعوان اور وومن ونگ کی ثناء علی کی سپر ویژن میں ہونے والی ’’کشمیر بنے گا پاکستان آل سندھ انٹر کالجز سائیکل ریس‘‘ گورنمنٹ اکنامکس اینڈ کامرس کالج کے شمشون نے جیت لی ہے۔

سندھ کی تاریخ میںپہلی مرتبہ ریڈ زون ایریا گورنر ہاؤس، ڈی جی رینجرز ہیڈ کوارٹر ، کمشنر ہاؤس، وزیر اعلیٰ ہاؤس اور کراچی کلب کے اطراف اس سائیکل ریس کے انعقاد نے دھوم مچادی ۔ ریس کے چیف آرگنائزر کلیم اعوان نے بتایا کہ ریس کے چیمپئن شمشون نے شروع ہی سے 8کلومیٹر طویل ریس میں تمام سائیکلسٹوں کو پیچھے چھوڑتے ہوئے آخر تک پہلی پوزیشن قائم رکھی ۔

(جاری ہے)

سندھ بھر سے 74تیز رفتار ترین چیمپئن سائیکلسٹوں کے درمیان ہونے والی جنگ میں گورنمنٹ کالجز مراد میمن کے عامر حمید علی دوسرے اور گورنمنٹ ڈگر ی سائنس کالج اورنگی کے سلمان خان نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ ریس کا افتتاح سیکریٹری کالجز رفیق احمد بروڑو نے فلیگ آ ف کرکے ڈاکٹر ضیا ء الدین احمد روڈ رینجرز ہیڈ کوارٹر کے پاس سے کیا۔ اس موقع پر سندھ اولمپکس ایسو سی ایشن کے جنرل سیکریٹری احمد علی راجپوت ،سندھ سائیکلنگ ایسوسی ایشن کے چیئرمین عابد علی ایڈووکیٹ ،کراچی ڈویژن سائیکلنگ ایسو سی ایشن کے چیئرمین حافظ جہانگیر عالم بھٹی اور صدر قمر زمان برکی او ردیگر اعلیٰ سول ، پولیس اور رینجرز حکام بھی موجود تھے۔

ریس کی سیکورٹی کیلئے پاکستان رینجرز ،آپریشن پولیس ، ٹریفک پولیس اور قانون نافذ کرنے والے دیگر اداروں نے ریڈ زون کو اپنے حصار میں لے رکھا تھا۔سیکریٹری کالجز ایجوکیشن رفیق احمد بروڑو نے کلیم اعوان اور ثناء علی کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے ریس کے کامیاب انعقاد پر مبارکباد بھی پیش کی۔