مسلم لیگ ن کا مارچ میں حکومت گرانے کا فیصلہ

احتجاجی تحریک کی قیادت ن لیگ کے صرر شہباز شریف کریں گے، ذرائع

Ahmad Tariq احمد طارق جمعرات 13 فروری 2020 18:46

مسلم لیگ ن کا مارچ میں حکومت گرانے کا فیصلہ
اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔13 فروری 2020ء ) مسلم لیگ ن نے مارچ میں حکومت کیخلاف سڑکوں پر آنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن نے پی ٹی آئی حکومت کو ٹف ٹائم دینے کیلئے مارچ میں لانگ مارچ کرنے کا حتمی فیصلہ کرلیا ہے۔ اس حوالے سے ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ احتجاجی تحریک کی قیادت مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف کریں گے۔ دوسری جانب مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما رانا مشہود نے بھی تحریک انصاف کی حکومت کیخلاف احتجاجی تحریک کی تصدیق کردی ہے۔

نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے رانا مشہود نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ اس نا اہل حکومت کیخلاف سڑکوں پر نکلا جائے، ان لوگوں کو ہم نے بہت وقت دیدیا ہے، اب مزید وقت نہیں دیں گے۔ رانا مشہود نے کہا کہ یہ نا اہل لوگ کل کو یہ نہیں کہہ سکیں گے کہ ہمیں وقت نہیں دیا گیا۔

(جاری ہے)

دوسری اپوزیشن جماعتوں کو پیغام دیتے ہوئے رانا مشہود نے کہا کہ اگر دوسری جماعتیں اب بھی اس حکومت کیخلاف سڑکوں پر نہ نکلیں تو یہ جرم ہوگا۔

رانا مشہود نے لانگ مارچ کا اعلان کرتے ہوئے کہ مارچ میں لانگ مارچ ہوگا، پی ٹی آئی حکومت کا اصل چہرہ عوام کے سامنے لے کر آئیں گے۔ خیال رہے کہ اس سے قبل مولانا فضل الرحمان اور بلاول بھٹو بھی حکومت کیخلاف سڑکوں پر نکلنے کا اعلان کرچکے ہیں۔ تاہم اب ملک کی بڑی سیاسی جماعت مسلم لیگ ن نے بھی حکومت کو ٹف ٹائم دینے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت کیخلاف احتجاجی تحریک کا آغاز مارچ کے مہینے میں کیا جائے گا، ن لیگ کے صدر شہباز شریف احتجاجی تحریک کی قیادت کریں گے۔