سرگودھایونیورسٹی میں پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف چائنہ سٹڈیز (PICS) کے زیر اہتمام کرونا وائرس کے خلاف چین سے اظہار یکجہتی کیلئے واک کا انعقاد کیا گیا

جمعہ 14 فروری 2020 13:05

سرگودھا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 فروری2020ء) سرگودھایونیورسٹی میں پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف چائنہ سٹڈیز (PICS) کے زیر اہتمام کرونا وائرس کے خلاف چین سے اظہار یکجہتی کیلئے واک کا انعقاد کیا گیا جس کی قیادت وائس چانسلر ڈاکٹر اشتیاق احمد نے کی جس میں طلبہ کے علاوہ چینی اساتذہ نے شرکت کی اور پاک چین دوستی زندہ باد کے نعرے لگائے۔

اس موقع پر وائس چانسلر ڈاکٹر اشتیاق احمد نے کہا کہ چین بتدریج کرونا وائرس پر قابو پانے میں کامیاب ہو کر دنیا میں ایک نئی مثال قائم کر رہا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ صرف چند روز میں ایک ہزار بیڈز کا ہسپتال بنا دیا گیا۔ جس سے وائرس سے لڑنے کے خلاف چینی صلاحیتوں کا اظہار ہوتا ہے۔وی سی ڈاکٹر اشتیاق احمد نے کہا کہ کرونا وائرس میں اموات کی شرح صرف 2فیصد ہے جبکہ اس کو بڑھا چڑھاکر پیش کیا جا رہا ہے۔

ڈائریکٹر پی آئی سی ایس ڈاکٹر فضل الرحمن نے کہا کہ کرونا وائرس سے متعلق عالمی سطح پر منفی پراپیگنڈہ چینی کی ابھرتی اقتصادی قوت کو نقصان پہنچانے کی مذموم کوشش ہے۔واک کے شرکاء نے پاکستان او ر چین کے پرچم لہرا کر پاک چین دوستی کے نعرے لگائے اور کرونا وائرس کے خاتمہ تک چین کے ساتھ کھڑے رہنے کے عزم کا اظہار کیا۔