نوازشریف کی والدہ لندن روانہ ہو گئیں

شمیم بی بی پی آئی اے کی فلائیٹ سے روانہ ہوئیں ، نواز شریف کی عیادت کریں گی

Salman Javed Bhatti سلمان جاوید بھٹی ہفتہ 15 فروری 2020 12:33

نوازشریف کی والدہ لندن روانہ ہو گئیں
لاہور(اردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین 15 فروری 2020ء ) سابق وزیرا عظم نواز شریف کی والدہ آج لندن کے لئے روانہ ہو گئیں ۔تفصیلات کے مطابق شمیم بی بی رائے ونڈ جاتی امراء سے لاہور ایئرپورٹ کے لئے روانہ ہوئیں ۔نواز شریف کی والدہ شمیم بی بی پی آئی اے کی فلائیٹ کے ذریعے لندن پہنچیں گی ۔ بتایا گیا ہے کہ شمیم بی بی نوازشریف کے دل کے علاج کے باعث لندن روانہ ہو رہی ہیں۔

یہ بات قابل غور رہے کہ حمزہ شہباز ، مریم نواز اور کیپٹن صفدر کے علاوہ تمام اہلخانہ لندن میں موجود ہیں ، سابق وزیراعظم نواز شریف نے صاحبزادی مریم نواز کی غیر موجودگی میں آپریشن کروانے سے انکار کردیا تھا ۔نواز شریف کے ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان کا کہنا تھا کہ میاں نواز شریف کی انجیو پلاسٹی لازمی ہو گئی ہے۔

(جاری ہے)

نواز شریف کے دل کا ایک حصہ متاثر ہے۔

میاں نواز شریف کا آپریشن دو بار ملتوی ہو چکا ہے۔انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے مریم نوازکی غیر موجودگی میں آپریشن کروانے سے انکار کر دیا ہے۔نواز شریف نے اپنی خواہش سے ڈاکٹروں کو بھی آگاہ کر دیا ہے۔نواز شریف کا کہنا ہے کہ مریم نواز شریف پاس ہوں گی تو آپریشن کراؤں گا۔انہوں نے کہا کہ مریم نواز کے نہ پہنچنے پر نواز شریف نے آپریشن موخر کرایا۔

یکم فروری کو جاری ایک بیان میں نواز شریف کے ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان نے کہا تھا کہ سابق وزیراعظم کی حتمی میڈیکل رپورٹس 30 جنوری کو تیار کی گئیں۔ ڈاکٹر عدنان نے کہا تھا کہ نواز شریف کی میڈیکل رپورٹس کی نوٹری پبلک اور پاکستانی ہائی کمیشن نے تصدیق کی ۔ان کا کہنا تھا کہ سابق وزیراعظم کی صحت کے حوالے سے میڈیکل رائے اور اسکین رپورٹ بھی قانونی طور پر تصدیق شدہ ہیں۔ یاد رہے کہ محکمہ داخلہ پنجاب نے سابق وزیر اعظم نواز شریف کو تین روز کے اندر مکمل میڈیکل رپورٹیں جمع کرانے کی ہدایت کی تھی۔