خانپور پولیس کی حراست سے فرار ہونے والے مبینہ زیادتی کیس کے ملزم کو پولیس نے دوبارہ گرفتار کر لیا

پیر 17 فروری 2020 14:47

خانپور پولیس کی حراست سے فرار ہونے والے مبینہ زیادتی کیس کے ملزم کو ..
ہری پور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 فروری2020ء) خانپور پولیس کی حراست سے فرار ہونے والے مبینہ زیادتی کیس کے درندہ صفت ملزم کو پولیس نے دوبارہ گرفتار کر لیا، عوام نے ملزم کی دوبارہ گرفتاری پر اظہار اطمینان کیا، ملزم سے دوران تفتیش سنسنی خیز انکشافات کی توقع ہے، ملزم کے دوران حراست فرار میں غفلت کے مرتکب سب انسپکٹر سمیت تین پولیس اہلکاروں کے خلاف مقدمہ درج کر کے ان کو عہدوں سے معطل کر دیا گیا تھا۔

تفصیلات کے مطابق تھانہ خانپور پولیس نے ایک روز قبل پولیس حراست سے فرار ہونے والے وجیاں کی چار سالہ معصوم بچی کے ساتھ مبینہ زیادتی کے ملزم احسان ولد منور دین سکنہ جب کو ایک چھاپہ کے دوران دوبارہ گرفتار کر لیا ہے۔ ذرائع کے مطابق پولیس نے ملزم کو گرفتار کرنے کے بعد سخت حفاظتی حصار میں تھانہ منتقل کر کے تفتیش شروع کر دی ہے اور دوران تفتیش ملزم سے سنسنی خیز انکشافات کی توقع کی جا رہی ہے۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ ملزم احسان چار سالہ بچی سے مبینہ زیادتی کے کیس میں زیر حراست تھا اور تھانہ خانپور کے سب انسپکٹر انوسٹی گیشن حبیب الرحمن، آئی ایچ سی زاہد اور سپاہی جمعہ خان کی غفلت کے باعث خانپور ہسپتال کے کمرے کی کھڑکی توڑ کر فرار ہو گیا تھا جس کے بعد ڈی پی او نے سب انسپکٹر سمیت تینوں اہلکاروں کو معطل کر کے ان کے خلاف مقدمہ درج کروا دیا تھا۔ عوامی حلقوں نے کہا ہے کہ 24 گھنٹوں کے اندر پولیس نے فرار ملزم کو دوبارہ گرفتار کر کے اپنی ساکھ بحال کر دی ہے۔

متعلقہ عنوان :