بلاول بھٹو کے مارچ میں پیسے دیکر لائی جانے والی عورتوں کے متعلق خبر دینے پر صحافی کو قتل کردیا گیا

نجی ٹی وی چینل کے رپورٹر کو قتل کرکے انکی لاش نہر میں پھینک دی گئی

Ahmad Tariq احمد طارق پیر 17 فروری 2020 20:13

بلاول بھٹو کے مارچ میں پیسے دیکر لائی جانے والی عورتوں کے متعلق خبر ..
کراچی (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔17 فروری 2020ء) بلاول بھٹو کے مارچ میں پیسے دیکر لائی جانے والی عورتوں کے متعلق خبر دینے پر صحافی کو قتل کردیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق سندھ میں آزادی صحافت پر کھلم کھلا حملہ کردیا گیا۔ نجی ٹی وی چینل کے رپورٹر عزیز میمن کو مارچ 2019 میں بلاول بھٹو زرداری کے ٹرین مارچ میں پیسے دیکر لائی جانے والی عورتوں کے متعلق خبر دینے پر دھمکیوں کا سامنا تھا، بعد ازاں انہیں قتل کر کے انکی لاش نہر میں پھینک دی گئی۔

اس حوالے سے سوشل میڈیا صارفین اور ملک بھر سے صحافی برادری کی جانب سے شدید ردعمل دیکھنے میں آیا۔ سینئر تجزیہ نگار حامد میر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری اپنے پیغام میں کہا کہ یہ کے ٹی این نیوز کے محراب پور سندھ کے رپورٹر عزیز میمن ہیں مارچ 2019 میں بلاول بھٹو زرداری کے ٹرین مارچ میں پیسے دیکر لائی جانے والی عورتوں کے متعلق سٹوری دینے پر انہیں دھمکیوں کا سامنا تھا، اب انہیں قتل کر کے لاش نہر میں پھینک دی گئی۔

(جاری ہے)

انہوں نے صحافی برادری سے مطالبہ کیا کہ اس ظلم کیخلاف تمام صحافی برادری کو اکٹھا ہوکر حساب لینا ہوگا۔
دوسری جانب پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے محراب پور میں صحافی عزیز میمن کے قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ عزیز میمن کے قتل میں ملوث ملزمان کو قانون کی گرفت اور منطقی انجام تک پہنچایا جائے۔

ایک بیان میں بلاول بھٹو زرداری نے کہاکہ عزیز میمن کے لواحقین کے غم میں برابر کا شریک ہوں، ہر مقتول کے ورثاء کا غم میں سمجھ سکتا ہوں۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ صحافیوں کی تحفظ کے معاملے پر کسی مصلحت کا شکار نہیں ہوں گے۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہاکہ میڈیا کی آزادی اور صحافیوں کے تحفظ پر پیپلز پارٹی کا ہمیشہ واضح مؤقف رہا ہے۔