گیس اور بجلی پر صارفین کو ریلیف دینا ممکن نہیں

وسائل کے غیر منصفانہ تقسیم سے سسٹم بریک کر گیا ۔ وزیر منصوبہ بندی اسد عمر

Salman Javed Bhatti سلمان جاوید بھٹی بدھ 19 فروری 2020 15:07

گیس اور بجلی پر صارفین کو ریلیف دینا ممکن نہیں
اسلام آباد (اردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین 19 فروری 2020ء) وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے کہا ہے کہ گیس اور بجلی پر فوری ریلیف دینا ممکن نہیں ہے۔ تنقید متوازن ہونی چاہیے، وسائل کے غیر منصفانہ تقسیم سے سسٹم بریک کر گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق اسد عمر نے نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں معید پیزادہ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا فوکس کھانے پینے کی اشیاء پر ریلیف دینے میں تھا ، گیس اور بجلی پر ریلیف دینا مشکل ہے۔

اسد عمر کا کہنا ہے کہ میڈیا ایک ہی سمت میں چل رہا ہے۔ میڈیا کو ریگولیٹ کرنے پر بھی شدید تنقید کا سامنا ہے۔ این ایف سی ایوارڈاور اٹھارویں ترمیم نے وفاق کا نظام درہم برہم کر دیا ہے۔ دفاع پورے پاکستان کا ہوتا ہے اور بجٹ صرف وفاق دیتاہے۔ موجودہ معاشی حالات میں گیس اور بجلی پر ریلیف دینا مشکل ہے۔

(جاری ہے)

واضح رہے17 فروری کو وفاقی حکومت کی جانب سے عوام کو بجلی گیس اور تیل کی قیمتوں میں ریلیف دینے کا فیصلہ کیا گیا تھا ، وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ بجلی گیس اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں وقتی حل کی بجائے پائیدار استحکام لایا جائے، ماضی کی حکومتوں کا بوجھ موجودہ حکومت اور عوام کو ادا کرنا پڑ رہا ہے۔

وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت اعلیٰ سطحی اجلا س ہوا، اجلاس میں وزیرتوانائی عمر ایوب، وزیرمنصوبہ بندی اسد عمر ، مشیر خزانہ حفیظ شیخ اور فردوس عاشق اعوان سمیت دیگر نے شریک ہوئے۔اجلاس میں مہنگائی کو کم کرنے کیلئے بجلی، گیس کی قیمتوں میں کمی لانے ، گھریلو صارفین اور صنعتوں کو ریلیف کی فراہمی کے حوالے سے تجاویز کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں بجلی کی قیمتوں میں استحکام لانے اور ممکنہ حد تک کمی لانے کی تجاویزپیش کیں۔وزیراعظم کو بریفنگ دی گئی کہ ماضی کے بجلی کارخانوں کی قیمت بھی موجودہ حکومت کو ادا کرنا پڑ رہی ہے۔بجلی کے گردشی قرضے بھی بڑھ گئے ہیں، بجلی کارخانوں کا اضافی بوجھ عوام کو برداشت کرنا پڑ رہا ہے۔ تاہم اب اسد عمر نے کہا ہے کہ گیس اور بجلی پر ریلیف دینا مشکل ہے۔