پاکستان نے چین سے سب سے بڑے حریف کو سی پیک میں شمولیت کی دعوت دے دی

امریکی وزیر تجارت اور ان کے وفد کے دورے کا موقع پر وزیراعظم کے مشیر تجارت نے امریکا کو سی پیک کے منصوبوں میں سرمایہ کاری کی باقاعدہ دعوت دی

جمعرات 27 فروری 2020 19:51

پاکستان نے چین سے سب سے بڑے حریف کو سی پیک میں شمولیت کی دعوت دے دی
اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 27 فروری 2020ء) پاکستان نے چین سے سب سے بڑے حریف کو سی پیک میں شمولیت کی دعوت دے دی، امریکی وزیر تجارت اور ان کے وفد کے دورے کا موقع پر وزیراعظم کے مشیر تجارت نے امریکا کو سی پیک کے منصوبوں میں سرمایہ کاری کی باقاعدہ دعوت دی۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان نے چین کے حریف ملک امریکا کو دعوت دی ہے کہ وہ سی پیک میں سرمایہ کاری کر سکتا ہے، اس حوالے سے امریکا پر کوئی پابندی عائد نہیں کی گئی۔

بتایا گیا ہے کہ یہ معاملہ امریکی وزیر تجارت اور ان کے وفد کے دورے پاکستان کے موقع پر اٹھایا گیا۔ مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد نے امریکا کو پاک چین اقتصادی راہداری کے مختلف منصوبوں میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ سی پیک امریکا کیلئے کھلا ہے۔

(جاری ہے)

اس منصوبے میں امریکی سرمایہ کاری پر کوئی پابندی نہیں ہے۔ مشیر تجارت کا کہنا ہے کہ امریکی وزیر تجارت ولبر راس نے پاکستان کی دعوت پر مختلف پہلوؤں کا جائزہ لینے کا کہا ہے۔

جبکہ امریکا نے تیل اور گیس کے شعبہ میں سرمایہ کاری کی یقین دہانی کرائی ہے۔ مشیر تجارت کا مزید کہنا ہے کہ امریکی وفد کا دورہ پاکستان کافی مثبت رہا، ہم امریکا کی منڈیوں تک رسائی حاصل کرنا چاہتے ہیں۔ امریکا نے مختلف سیکٹرز میں پائی جانیوالی کمزوریوں کی نشاندہی کی ہے۔ امریکا سے جی ایس پی کی سہولت پر بات ہوئی ہے۔ امریکہ سے ای کامرس، زراعت اور تیل اور گیس میں سرمایہ کاری بڑھانے کا مطالبہ کیا ہے۔ پاکستان کو تجارتی تعلقات کے حوالے سے جلد اچھی خبریں سننے کو ملیں گی۔