طالبان اور امریکا کے مابین افغان مسئلے سمیت تمام معاملات صرف ڈائلاگ سے ہی ٹھیک ہو سکتے ہیں،شوکت یوسفزئی

ہفتہ 29 فروری 2020 19:40

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 فروری2020ء) خیبرپختونخوا کے وزیر اطلاعات شوکت یوسفزئی نے طالبان اور امریکا کے درمیان ہونے والے امن معاہدے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ وزیراعظم عمران خان کے ویژن کی جیت ہے کہ طالبان اور امریکا کے مابین افغان مسئلے سمیت تمام معاملات صرف ڈائلاگ سے ہی ٹھیک ہو سکتے ہیں اور جنگ کسی مسئلے کا حل نہیں۔

وزیراعظم عمران خان نے ایک دفعہ دونوں کے درمیان ڈائلاگ کرانے کی پیشکش بھی کی تھی لیکن بد قسمتی سے اس وقت تمام اپوزیشن نے ملکر اس بات کا مذاق بنایا تھا۔ اس معاہدے سے پورے خطے کے امن پر مثبت اثرات مرتب ہونگے۔ اپنے ایک ویڈیو پیغام میں صوبائی وزیر نے کہا کہ اس امن معاہدے سے افغانستان کو فائدہ تو ہو گا ہی ساتھ میں پاکستان کو بھی فائدہ ہو گا کیونکہ افغانستان کا امن پاکستان کے امن سے جڑا ہوا ہے۔

(جاری ہے)

افغانستان سنٹرل ایشیا تک رسائی کے لیے ایک دروازے کی مانند ہے وہاں امن آنے سے سنٹرل ایشیا پاکستان کی تجارت کے لیے کھل جائے گا جس سے پاکستان کی معیشت مضبوط ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ یہ پاک فوج اور پاکستان کی خارجہ پالیسی کی بہت بڑی کامیابی ہے کیونکہ بہت عرصے سے یہ کوشش جاری تھی کہ کسی طرح طالبان اور امریکا کے مابین امن معاہدہ ہو۔ یہ خطے کے امن کے لیے بہت بڑی کامیابی ہے اور دنیا کے لیے بھی ایک مثبت پیغام ہے کہ آج افغانستان میں امن کے لیے 19 سال بعد ڈائلاگ کے ذریعے پیش رفت ہو رہی ہے۔