شفیع لون کی مقبوضہ کشمیر میں گزشتہ سات ماہ سے جاری فوجی محاصرے اورمیڈیا لاک ڈاؤن کی شدید مذمت

منگل 3 مارچ 2020 16:39

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 مارچ2020ء) جموںو کشمیر ایمپلائز موومنٹ کے چیئرمین محمد شفیع لون نے مقبوضہ کشمیر میں گزشتہ سات ماہ سے جاری فوجی محاصرے اورمیڈیا لاک ڈاؤن کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ مقبوضہ علاقے میں انسانی حقوق کی بدترین پا مالیاں ہو رہی ہیں ۔کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق محمد شفیع لون نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ بھارتی فوجیوں نے مقبوضہ علاقے میں اپنے مظالم میں تیزی لائی ہے اور وہ محاصروں اور تلاشی کی کارروائیوں کے دوران بیگناہ نوجوانوں کو تشدد کا نشانہ بنا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حال ہی میںشہید ہونے والے نوجوانوں کی نماز جناز ہ میں ہزاروں کشمیریوں کی شرکت یہ ثابت کرتی ہے کہ کشمیری عوام عظیم مقصد کے لیے اپنی جانیں قربان کرنے والے نوجوانوں کے ساتھ انتہائی عقیدت رکھتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ بھارت اوچھے ہتھکنڈوں کے ذریعے کشمیریوں کے جذبہ آزادی کو ہرگز دبا نہیں سکتا۔انہوں نے کہاکہ قابض انتظامیہ نے کشمیری حریت قیادت کو گھروں اور جیلوں میں مسلسل نظربند کر رکھا ہے جبکہ کالے قانون پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت ہزاروں کشمیریوں کو جیلوں میں ڈالا گیاہے۔

انہوں نے کہاکہ گرفتار کئے گئے کشمیریوں میں آٹھ سال کی عمر کے بچوں سمیت نوجوانوں کی ایک بڑی تعداد شامل ہے جن کے بارے میں لواحقین کو معلومات فراہم نہیں کی جارہی ہیں۔ محمد شفیع لون نے کہا کہ یہ انسانی حقوق کی تذلیل ہے کہ درندہ صفت بھارتی فوج نہتے کشمیری نوجوانوں کو والدین کے سامنے بدترین تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد لاپتہ کردیتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ طاقت کے بل پر کسی بھی قوم کو زیادہ دیر تک غلام بنا کر نہیں رکھاجا سکتا ۔ محمد شفیع لون نے ایمنسٹی انٹرنیشنل سمیت انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں اور اقوام متحدہ سے اپیل کی کہ وہ کشمیری عوام پر ڈھائے جانے والے مظالم کا نوٹس لیں اور تنازعہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قرار دادوں اورکشمیریوں کی خواہشات کے مطابق حل کرانے میں اپنا کردار ادا کریں۔